متفرق

پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے سینئر رہنما جسٹس ریٹائرڈ سید جعفر شاہ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ) اطلاعات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے سینئر رہنما سید جعفر شاہ، جنہوں نے چند سال قبل عملی سیاست چھوڑ کر عدلیہ میں شمولیت اختیار کی تھی، نے پاکستان تحریک اںصاف میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سید جعفرشاہ نے اس فیصلے کا اعلان پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کے دوران کی ہے۔

یاد رہے کہ مقامی اخباروں میں جعفر شاہ کی پارٹی تبدیلی کی بازگشت کافی دیر سے سُنائی دے رہی تھی۔

اس موقعے پر سید جعفر شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے عوام کی امیدوں کا مرکز ہے، اور یہ کہ علاقے کے باشندے کرپٹ سیاستدانوں سے تنگ ہیں۔ اںہوں نے سماجی رابطے کے ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی جن اُصولوں پر قائم ہوئی تھی اب وہ ان سے دور جاچکی ہے۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ موجودہ رہنماوں کا وطیرہ محض یہی لگتا ہے کہ کرپشن کے ذریعے مال بنایا جائے۔ اسی لئے میں نے شرائط تسلیم کروانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

دوسری طرف بعض مبصرین کے مطابق سید جعفر شاہ نے مناسب وقت پر سیاسی داو کھیلتے ہوے پاکستان میں جنرل الیکشن سے دوسال پہلے پارٹی تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ اگراگلے عام انتخابات کے بعد مرکز میں پاکستان تحریک اںصاف کی حکومت آتی ہے تو ایسی صورت میں سید جعفر شاہ کی لاٹری نکل سکتی ہے۔

مبصرین اور تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ان کی نظریں وزیر اعلی کی کرسی پر ہیں، اور وہ اگلے انتخابات میں گلگت شہر میں اپنے حلقے سے جیت کر بڑی کرسی پر بیٹھنا چاہتے ہیں۔ اور اگر وہ ہار بھی گئے تو ایسی صورت میں بھی وہ گلگت بلتستان کونسل کا رکن یا پھر گورنر بننے کی خواہش رکھیں گے۔


یہ سب اندازے درست ہیں یا پھر غلط، اس کا فیصلہ تو آنے والا وقت ہی کرے گا۔ فی الحال سید جعفر شاہ کا یہ فیصلہ پاکستان پیپلزپارٹی کے وفادار جیالوں کے لئے ایک نفسیاتی دھچکہ ثابت ہوسکتا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

2 کمنٹس

Back to top button