متفرق

گندم کی ترسیل کا فعال تر نظام قائم کرنے کے لئے نیٹکو کارگو ڈرائیورز کو پرکشش اضافی مراعات دی جائینگی

گلگت (پ ر) گلگت بلتستان میں گندم کی ترسیل کو مزید فعال بنانے کے لئے منیجنگ ڈائریکٹر ناردرن ایریازٹرانسپورٹ کارپوریشن محمد حسین نے کارگو ڈرائیوروں کے لئے پرکشش اضافی مراعات کی سفارشات کی منظوری دے دی ۔اضافی مراعات کو نیٹکو کے کارگو بیڑے کے ڈرائیوروں کی ماہانہ مجموعی کارکردگی سے مربوط کیا گیا ہے۔

ناردرن ایریازٹرانسپورٹ کارپوریشن کے آفیسر تعلقات عامہ کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نیٹکو کارگو کے نظام کو مزید فعال بنانے اور پاسکو سے اسلام آباد اور اسلام آباد سے گلگت بلتستان میں گندم کے مختلف بلخ ذخیرہ گاہوں تک گندم کی بروقت ترسیل کو مزید تیز تر بنانے کے لئے اضافی مراعات کا اعلان کیا گیا ہے ۔اضافی مراعات کے اعلان کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر ایک خاص حد تک منافع کمانے والے کارگو ڈائیوروں کے لئے مجموعی منافع سے چار فیصد اور اس سے بالائی منافع پر چھے فیصد کے حساب سے کمیشن دیا جائے گا۔ اس اضافی مراعات پیکیج میں نیٹکو ڈائیو پراجیکٹ کے علاوہ نیٹکو فلیٹ اور ہینو ٹرک کے ڈرائیور شامل ہیں۔ اضافی مراعاتی پیکیج کے اعلان کے بعد بھی ایسے ڈرائیور جو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام نہیں دے سکیں ان کے لئے جرمانے کا نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

اس حوالے سے منیجر نیٹکو ڈائیو پراجیکٹ اور منیجر کارگو جگلوٹ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ انتظامی احکامات کی عمل داری اور نگرانی کو ممکن بناتے ہوئے روزانہ اور ماہانہ کی بنیاد پر مرکزی دفتر کو رپورٹ بھیجوائیں۔ نیٹکو ڈائیو پراجیکٹ کے ہر ڈرائیور کے لئے ماہانہ بنیادوں پر کم از کم تین اور کارگو جگلوٹ کے ڈرائیوروں کے لئے دو ٹریپ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ ان سے کم کی صورت میں متعلقہ ڈرائیوروں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

دریں اثنا منیجنگ ڈائریکٹر ناردرن ایریازٹرانسپورٹ کارپوریشن محمد حسین نے کہا ہے کہ اس پرکشش اضافی مراعاتی پیکیج سے جہاں ڈرائیوروں میں کام کی رفتار تیز تر ہوگی،وہاں گلگت بلتستان میں گندم کی ترسیل کے نظام میں تیزی آئے گی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button