متفرق

بہتر کارکردگی ناگزیر، گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں محکمہ ورکس کا اہم کردار ہے، ڈاکٹر اقبال

گلگت ( سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر تعمیرات ڈاکٹرمحمد اقبال نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کا دارومدار محکمہ ورکس پر ہے اس ادارے کی کارکردگی بہتر ہو گی تو علاقہ بھی ترقی کرے گا اس لئے محکمہ ورکس کے افسران اور دیگر ملازمین اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور فرض شناسی سے نبھائیں۔ انہوں نے گلگت میں دوسرے سالانہ ورکس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں محکمہ تعمیرات عامہ میں چور دروازے سے خلاف میرٹ بھرتیاں کی گئی اور مند پسند افراد کو سیاسی بنیادوں پر ٹھیکے دیئے گئے جس کی وجہ سے گلگت بلتستان میں سینکڑوں ترقیاتی منصوبے التواء کا شکار رہے جس سے علاقے کو بڑا نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت آنے کے بعد محکمہ ورکس میں اصلاحات کی گئی جس سے ادارے کی کارکردگی میں اضافہ ہوا اور عوام کا اعتماد بحال ہوا۔ انہوں نے مذید کہا کہ محکمہ تعمیرات نے ملازمین سے صرف کام نہیں لیا ہے بلکہ ان کے مسائل حل کرنے کی لئے بھی کوشاں ہے۔ ملازمین ایمانداری سے کام کرینگے تو اُن کی مکمل سپورٹ کی جائے گی۔ ملازمین دفتر کے قوانین و ضوابط کا خیال رکھے۔ محکمہ کے ملازمین عوام اور محکمہ کے درمیان پل کا کردار ادا کرے۔

اُنہوں نے کہا کہ ماشااللہ اب تک محکمہ تعمیرات میں کوئی کرپشن نظر نہیں آئی ہے۔ مخالفین صرف اخباری بیانات کے ذریعے ادارے کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ ہمارے سیاسی مخالفین اس میں کامیاب نہیں ہو گے۔اور انشااللہ ملازمین اپنے انتھک محنت سے محکمہ کو مذید فعال بنانے میں اپنا کردار ادا کرینگے۔ صوبائی وزیر تعمیرات نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ برس میں پاکستان مسلم لیگ(ن) نے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ عوام کو ذرائع آمد وفت، صاف پانی، تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈیڑھ برس کے دوران التواء کا شکار درجنوں منصوبے پایۂ تکمیل کو پہنچائے گئے۔انہوں نے تینوں ڈویڑنز کے چیف انجینئرز کو ہدایت کی کہ التواء کا شکار دیگر منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے سخت اقدامات کریں اور جو ٹھیکیدار رقم لینے کے باوجود ترقیاتی منصوبوں پر کام نہیں کر رہے ان کو بلیک لسٹ کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مفاد عامہ کے منصوبں پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی کیوں کہ اس سے حکومت کی بدنامی ہوتی ہے۔ صوبائی وزیر نے دیامیر میں ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے دیامیر کے ایکسین کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر چیف انجینئرگلگت ڈویڑن رشید احمد اور دیگر اضلاع کے ایکسین نے صوبائی وزیر کو محکمہ تعمیرات عامہ کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ بھی دی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button