متفرق

قراقرم یونیورسٹی گلگت میں انسانی حقوق اور میڈیا کے کردار کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد

گلگت ( پ ر) صوبائی وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی اقبال حسن نے کہا ہے کہ میڈیا جس کو درست معنوں میں ریاست کا چوتھا ستون کہا جاتا ہے معاشرے اور اس کی فلاح کے لیے قائم کردہ مختلف اداروں کے لیئے Torch Bearerکا کردار بھی بخوبی نبھا سکتا ہے۔ سوسائٹی کو شعور دینے اور اور معاشرے کے ہر فرد کو اس کے حقوق سے آگاہ کرنے کے لیئے اخبارات، ٹی وی اور دیگر زرائع ابلاغ کا بنیادی کردار ہے ۔اخبارات و ریڈیو سمیت دیگر تمام زرائع آگہی و شعور کی فراہمی کو ممکن بنا سکتے ہیں۔ مقامی میڈیا کو خصوصا اس شعبے میں نو وارد صحافیوں کو بھی انسانی حقوق کی بابت رپورٹنگ اور حقائق پر مبنی اعداد شمار کے مرتب کرنے کے لیئے ٹریننگ دیئے جانے کی بھی اشد ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان بھی آنے والے دنوں میں ماہرین کی خدمات حاصل کرکے عامل صحافیوں کی تربیت کے لیئے مناسب اقدامات کرے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت میں میڈیا سیمینار میں کیا جس کا موضوع انسانی حقوق اور میڈیا کا کردار تھا۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں میڈیا کا شعبہ ارتقائی مراحل میں ہے اور تمام سٹیک ہولڈرز بشمول حکومت سوسائٹی کی بہتری کے لیئے صیح سمت میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ مقامی سطح پر میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مقامی میڈیا کو دیکھا جائے تو اس کا کردار نہایت ہی اہم رہا ہے، صنفی امتیاز، گھریلو تشدد ، بچوں سے زیادتی، چائلڈ لیبراور دیگر واقعات کی آزادانہ رپورٹنگ میں پیش پیش گلگت بلتستان کے اخبارات نے نہایت ہی قلیل عرصے میں معاشرتی برائیوں کے سدباب کے لیئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے ، ملک بھر میں عوام کو پیش آنے والے حادثات اور جرائم کا موازنہ گلگت بلتستان سے کیا جائے تو ایک امید افزاء بات سامنے آتی ہے کہ یہ خطہ بہ نسبت دیگر بڑے شہروں کے پر امن رہا ہے اور انسانی حقوق کی پامالی اور جرائم کے بڑے واقعات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلباء کو یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ گلگت بلتستان کے پلیٹ فارم سے میڈیا سٹڈیز کے طلبا ء کو بھرپور سپورٹ کیا جائے گا اور حکومت اس بات کو یقنی بنا رہی ہے کہ باصلاحیت اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو میرٹ کے مطابق انکی کی صلاحیتوں کا اظہار کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سی پیک اور دیگر میگا سرگرمیوں کے زریعے حکومت پانچ سالوں کے اندر ہی گلگت بلتستان میں ترقیاتی انقلاب برپا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک سے منسلکہ تمام منصوبے مکمل ہونے سے گلگت بلتستان میں اور پورے پاکستان میں معاشی سرگرمیا ں عروج پر پہنچ جائیں گی۔ میڈیا اور انسانی حقوق کے حوالے سے اس سیمینار میں ڈائرکٹر جنرل KIUشاہد علی ، چیئر پرسن میڈیا سائنسز ڈپارٹمنٹ سلطان احمد ، ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ڈپارٹمنٹ فاروق احمد اور سینئر صحافی شبیر میر نے بھی خطاب کیا اور گلگت بلتستان میں میڈیا اور انسانی حقوق کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ تقریب میں یونیورسٹی کے طلبا کی ایک کثیر تعداد بھی شریک تھی ، تقریب کے اختتام پر کامیابی سے سیمینار کا انعقاد کرنے پر بی ایس میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کے طلبا اور طالبات کو سرٹیفیکیٹس بھی دئے گئے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button