چترال

چترال شہرکوبجلی کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف حکومت قانونی کاروائی کریں۔پاؤر کمیٹی چترال

چترال ( بشیر حسین آزاد) پاور کمیٹی چترال نے کوہ یوسی کی طرف سے گولین بجلی گھر سے بجلی کی تقسیم کو مسترد کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا ہے ۔ اور کہا ہے ۔کہ یہ پاؤر ہاؤس چترال شہر کیلئے بنا ہے ، اس لئے چترال شہر کی ضرورت پوری ہونے کے بعد اضافی بجلی کوہ یوسی کو دینے پر غور کیا جا سکتا ہے ۔ پاور کمیٹی چترال کے چیرمین خان حیات اللہ خان کے زیر صدارت بازار مسجد چترال میں منعقدہ ایک غیر معمولی اجلاس میں پاور کمیٹی کے ممبران اور علاقائی قائدین نے اس امر کا اظہار کیا کہ ایس آر ایس پی نے دو میگاواٹ کا گولین بجلی گھر چترال شہر کی مشکلات کودور کرنے کیلئے پاور کمیٹی کی درخواست پر تعمیر کیا ہے ۔ اس لئے اس کے استعمال کا اولین حق چترال شہر کو حاصل ہے ۔ لیکن چند شر پسند عناصر کوہ کے سادہ لوح عوام کو ورغلا کر بجلی کے حصول کے نام پر فساد برپا کرنا چاہتے ہیں ۔ اس لئے کو ہ کے لوگوں کو ان شرپسندوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال شہر تمام چترالیوں کا ہے ۔ اس لئے یہاں بجلی کی موجودگی سب کیلئے سہولت کا باعث ہے ۔ گذشتہ کئی سالوں سے چترال کے تمام لوگ شہر میں بجلی نہ ہونے کے باعث مصائب سے دوچار ہیں ۔ جس میں کوہ کے لوگ بھی شامل ہیں۔

مقررین نے اس ا مر کا اظہار کیا ۔ کہ جو لوگ بجلی چترال شہر کو فراہم کرنے کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں ۔ اُن کے خلاف حکومت قانونی کاروائی کرے ۔ بصورت دیگر چترال میں ایک تصادم کی فضا پیدا ہوگی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال شہر کئی دہائیوں سے بجلی کی کمی کا شکار رہا ہے ۔ جبکہ اطراف میں بجلی موجود ہونے کے باوجود شہر کو اُس وقت محروم رکھا گیا ۔ اب ایس آر ایس پی کے تعاون سے بجلی کی اُمید پیدا ہوئی ہے ۔ تو سازشی عناصر اُسے سیاست کا شکار بنا رہے ہیں ۔ جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے ۔ مقررین نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ۔ کہ کوہ والوں نے بجلی کی راہ میں مزید رکاوٹ ڈالی تو روڈ بلاک کرکے کوہ والوں کو چترال شہر آنے نہیں دیا جائے گا ، اور اُس وقت تمام تر ناخوشگوار حالات کی ذمہ داری سازشی عناصر پر ہوگی ۔ صدر پاور کمیٹی خان حیات اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے ا س موقع پر بجلی گھر کی تعمیر پرچیف ایگزیکٹیو آفیسر ایس آر ایس پی شہزادہ مسعود الملک کا شکریہ ادا کیا ۔ اور کہا ۔ کہ چترال کے لوگوں نے کئی افراد کو اپنے ووٹوں کے ذریعے اقتدار پر بیٹھایا۔ مگر وہ چترال شہر کی بجلی کا مسئلہ حل نہ کر سکے ۔ اور یہ اہم کام ایس آر ایس پی کے ہی حصے میں آیا ۔ جس پر ٹاؤن کے لوگ اُن کے شکرگزار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بجلی آنے کے بعد یوم تشکر منایا جائے گا ۔ جس میں شہزادہ مسعودالملک کو خصوصی طور پر دعوت دی جائے گی ۔ اور چترال کے لوگوں کی طرف سے اُن کے اعزاز میں ایک پُر رونق تقریب منعقد کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا ۔کہ بعض لوگ سیاست کے نام پر منافقت کرکے بھائی کو بھائی سے لڑا کر چترال شہر کے حالات کو خراب کرنا چاہتے ہیں ۔ جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔ اجلاس سے مولانا جمشید ، حسین احمد ،حبیب حسین مغل ، شیر اغا ، مولانا اسرار الدین الہلال ،الحاج عید الحسین اور خان حیات اللہ خان وغیرہ نے خطاب کیا ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button