متفرق

لاکھوں کشمیری مجاہدین تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ جمیعت علماء اسلام ضلع گلگت

گلگت (پ ر) پاکستان کے نام میں لفظ ک کشمیر کی نمائندگی کرتا ہے جس کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے جس حصے کو پاکستان بنانا چاہا تھا اندرون خانہ انگریزوں کی ملی بھگت سے وہ سارا زمین کا ٹکڑا پاکستان نہ بن سکا اسی لئے کشمیر جیسی شہ رگ سے آج تک سرخ لہو کی تیز دھاریں بہہ رہی ہے۔ان خیالات کا اظہارامیر جمیعت علماء اسلام ضلع گلگت منہاج الدین اور سیکریٹری اطلاعات و سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان مولانا رحمت اللہ سراجی نے یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں جے یو آئی کے سیکریٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا مسلۂ کشمیر حل کئے بغیر عالمی امن محض ایک خواب ہے۔ بھارت انسانیت سوز مظالم فوری طور پر بند کرے، طاقت کے زور پر کشمیریوں کی جذبہ حریت کو دبانا اور ان کو حق خود ارادیت سے روکنا مودی سرکار کی بس کی بات نہیں ہے۔کشمیری شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔رہتی دنیا تک ان کی لازوال قربانیوں کو یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے موجودہ حکومت کی بھارت نواز پالیسیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا زکا سودے بازی ہورہی ہے۔نواز شریف نے آج تک را کے ایجنٹ انڈیا کے حاضر سروس آفیسر کل بھوشن یادیو کی ملک دشمن سرگرمیوں کی مذمت نہیں کی ۔انسانیت کا قاتل مودی را کے ذریعے ملک کو توڑنے کی سرتوڈ کوشش کررہا ہے جبکہ نواز حکومت بھارت کو ساڑھیوں آموں کے تحفے بھیجنے اور یکطرفہ طور پر محبت کی پینگیں بڑھا رہا ہے۔امریکہ اور انڈیا کو خوش رکھنے کیلئے لیگی کٹھ پتلی حکومت حافظ سعید جیسے فلاح انسانیت کے روح رواں کے نظر بند کرنا باعث شرم ہے۔اسے بھارت کی طرف سے ڈومور کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر، فلسطین، شام اور برما میں مسلمانوں کا خون بہایا جارہا ہے۔ان کی مدد کرنا پوری مسلم پر فرض ہے۔مسلمانوں کے خون کی عزت و حرمت بیت اللہ کی حرمت کی طرح ہے ۔امریکہ یورپ اور ہندوستان کو مسلمانوں کے بہتے خون کی کوئی پروا نہیں ہے۔مسلمانوں کو اپنے مسائل حل کرنے کیلئے خود اپنے قدموں پر کھڑاہونا ہوگا۔انہوں نے آزاد کشمیر کے مفاد پرست اور ابن الوقت سیاسی وڈیروں کے گلگت بلتستان کے بارے میں بیانات پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا جی بی کے عوام آج تک کشمیرکے لئے قربانی دیتے آئے ہیں۔ نمک حرام اور ناکام سیاسی رہنما جی بی کے حقوق پر جل بنھنے کے بجائے مسلۂ کشمیر کیلئے قربانی دے۔ اپنے بیان میں انہوں نے قائد ملت اسلامیہ چیئرمین کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمن کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی ان تھک کوششوں اور جد و جہد سے مسلۂ کشمیر فلش پوائنٹ بن چکا ہے۔ انہوں نے مسلۂ کشمیر کو دنیا کے ہر فورم پر جاندار انداز میں اٹھایا۔

آخر میں اانہوں نے گلگت بلتستان کے غیور عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ مفاد پرستوں کے بہکاوے میں نہ آئے اور مذہبی و قومی جوش و خروش سے اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پانچ فروری کو بھر پور طریقے سے منائیں اور تمام ریلیوں میں شرکت کر کے اسلامی بھائی چارے کا ثبوت دیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button