چترال

شیرشال چترال میں برفانی تودے کا شکار بننے والے افراد کی تدفین کردی گئی

چترال ( محکم الدین ) چترال میں شدید برفباری کے نتیجے میں شیرشال کریم آباد میں برف کے تودے کی زد میں آکر جان بحق ہونے والے نو افراد میں سے دو کی تدفین جو گذشتہ روز نہ ہو سکی تھیں ۔ پیر کی سہ پہر کردی گئیں ۔ تدفین کے موقع پر اس خاندان کا بچ جانے والا حسین احمد جو پشاور میں تھا ۔پی ڈی ایم اے کی طرف سے فراہم کی گئی ہیلی کاپٹر میں آبائی گاؤں پہنچادیا گیا ۔ ایم پی اے چترال سلیم خان بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔ ایک اور ہیلی کاپٹر میں متاثرہ خاندانوں کیلئے امدادی سامان پہنچا کر تقسیم کی گئیں ، جن میں اشیاء خوردو نوش کے علاوہ ادویات ، کمبل اور گرم کپڑے شامل تھے ۔ چترال کے مقام ارندو میں برف کے تودے گرنے سے جان بحق ہونے والے سپاہی اخلاق احمد کی نماز جنازہ چترال سکاؤٹس ہیڈ کوارٹر میں ادا کی گئی ۔ جس میں کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس اور بڑی تعداد میں دیگر افراد نے شرکت کی ۔

بعد ازان اُن کی جسد خاکی کو ایم آئی 17ہیلی کاپٹر کے ذریعے آبائی گاؤں شاگرام تور کہو پہنچا کر پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپر خا ک کیا گیا ۔ چترال سکاؤٹس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی ۔

چترال میں پیر کے روز بھی کئی مقامات پر برف کے تودے گرے ۔ موڑکہو کے مقام گہت میں برف کا تودہ گرنے سے ایک مسجد شہید اور محمد ولی ، ناظم بیگ کے گھر کو نقصان پہنچا ۔ اسی طرح میراگرام نمبر 1 میں خالد محمود کا گھر بھی برف کے تودے کی زد میں آیا ۔ جبکہ اوی گاؤں کا منی ہائیڈل پاور سٹیشن بھی تودے کا نشانہ بنا ۔پیر کے روز بھی مجموعی طور پر زندگی مفلوج رہی ۔ چترال بازار میں نقل و حمل نہ ہونے کے برابر تھی اور دفاتر میں حاضری بھی غیر معمولی طور پر کم رہی ، اور لوگ زیادہ تر پیدل کئی کلومیٹر سفر کی ۔ جن میں خواتین بھی شامل تھیں ۔ سی اینڈ ڈبلیو چترال کی طرف سے سڑکوں کی صفائی کا کام شروع کردیا گیا ہے ۔ تاہم برف زیادہ ہونے اور برف کے تودے گرنے سے مختلف مقامات میں برف کی بڑی بڑی دیواریں کھڑی ہو چکی ہیں جن کی صفائی میں وقت لگے گا ۔ ٹی ایم اے چترال کی طرف سے چترال ٹاون میں مختلف سڑکوں کی صفائی کی گئی۔

لواری ٹنل روڈ پر بہت زیادہ برف ہونے کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ نے منگل کے روز کے شیڈول کی بجائے ٹنل بدھ کے روز کھولنے کا اعلان کیا ہے ۔ چترال میں حالیہ برفبای نے گذشتہ بیس سالوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ 12فروری 1997کو اسی قسم کی ریکارڈ برفباری ہوئی تھی ۔ اور برف کے تودے گرنے سے کئی افراد جان بحق ہوئے تھے ۔ ایمر جنسی منیجمنٹ ڈیپارٹمنٹ چترال آنے والے دنوں میں چترال میں مزید برف کے تودے گرنے کے امکانات سے خبردار کیا ہے ۔ اور لوگوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button