متفرق

دنیور 1میگاواٹ منصوبہ تمام قواعد و ضوابط کو پورا کرتے ہوئے کنٹریکٹر کو دیا گیا ہے ۔ ترجمان محکمہ واٹر اینڈ پاور

گلگت(پ ر) محکمہ واٹر اینڈ پاور گلگت بلتستان کے ترجمان نے اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ دنیور میں 1.5میگاواٹ کا سرے سے کوئی منصوبہ ہی نہیں ہے دنیور 1میگاواٹ کے منصوبے کے سول کام کا ٹینڈر گزشتہ سال پیپرا اور دیگر مالی قواعد و ضوابط کو پورا کرکے بیرانوں ایسوسی ایٹس نے حاصل کیا تھا ۔ اگر پریس کانفرنس کرنے والے حضرات ثبوت کے ساتھ تشریف لائیں تو مذکورہ ٹھیکے کو کینسل کرکے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزادی جائے گی باقی کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مصداق اپنی ناکامیوں کا غصہ کسی سرکاری ادارے یا آفیسر پر اتارنا کم ظرفی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ محکمہ واٹر اینڈ پاور گلگت بلتستان میں تمام امور قواعد و ضوابط کے تحت انجام پاتے ہیں جبکہ ٹھیکوں کے ٹینڈر اور پری میں مطلوبہ قوانین کی پاسداری کی جاتی ہے اور پیپرا رول کے تحت معاملات طے کئے جاتے ہیں۔ آج تک جتنے بھی منصوبوں کا ٹینڈر ہوا ہے ا س میں کسی قسم کی بدعنوانی کا امکان نہیں۔ ترجمان کے مطابق محکمہ واٹر اینڈ پاور گلگت بلتستان کا اہم محکمہ ہے اسے سیاست کا اکھاڑہ نہ بنایا جائے اور اپنی سیاسی دوکان چمکانے کے لئے محکمہ واٹر اینڈ پاور کے خلاف بیانات دینے کی بجائے اپنے اچھے مشورے ، تجاویز اور رہنمائی کو مزید بہتر بنانے کے لئے دی جائے۔ واٹر اینڈ پاور ان کو خوش آمدید کہے گا۔ محکمہ کے خلاف بیانات دیکر محکمے کو بدنام کرنے کی روش درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کو بجلی فراہم کرنے میں محکمہ واٹر اینڈ پاور کا کلیدی کردار ہے اور محکمہ کے ملازمین اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر بجلی کی ترسیل کو ممکن بنارہے ہیں۔ محکمے کی مزید بہتری کے لئے دی جانے والی تجاویز کی قدر کی جائے گی اور ان پر عملدرآمد کیا جائیگا تاہم اپنی سیاسی دوکان چمکانے کے لئے بیان بازی سے گریز کیا جائے۔ ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دنیور 1میگاواٹ منصوبے کا ٹھیکہ تمام قواعد و ضوابط کو پورا کرتے ہوئے متعلقہ معیار پر پورا اترنے والے فرم(کنٹریکٹر)کو دیا گیا ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button