متفرق

مردم شماری کے دوران فول پروف سیکیورٹی دی جائے گی، کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے: آئی جی پی

گلگت(پ۔ر)مردم شماری 2017ء کے دوران ملکی سیکیورٹی صورتِ حال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سخت سیکیورٹی اقدامات کئے جائیں اس سلسلے میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان کیپٹن(ریٹائرڈ) ظفر اقبال اعوان نے سینٹرل پولیس آفس گلگت میں مردشماری 2017ء کی سیکیورٹی کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گلگت بلتستان میں پہلے مرحلے میں 15مارچ سے 15اپریل کے دوران پانچ اضلاع گلگت،سکردو،غذر،گانگچھے اور نگر میں مردم شماری ہورہی ہے جس کے لئے گلگت بلتستان پولیس نے مؤثرسیکیورٹی کے حوالے سے کئی اہم فیصلے کئے۔

جمعرات کے روز سینٹرل پولیس آفس میں آئی جی کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پانچوں اضلاع میں مردم شماری کے دوران سیکیورٹی کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو مردم شماری کے مرحلے کو پرامن اور کامیاب بنانے کے لئے سیکیورٹی خدمات سر انجام دیں گی۔ ضلع گلگت میں مردم شماری کے دوران 170اہلکار ،ضلع گانگچھے میں 50 ، ضلع غذر میں 50، ضلع نگر میں 35،اورضلع سکردو میں25اہلکار سیکیورٹی پر معمور ہوں گے ۔

آئی جی پولیس گلگت بلتستان نے اس موقع پر کہا کہ مردم شماری کے دوران کامبنگ آپریشن پورے گلگت بلتستان کے تمام تھانہ جات کی حدود میں بلا ناغہ تاحکم ثانی جاری رہے گا جبکہ تمام اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی سخت تلاشی لی جائے گی تاکہ خطہ کسی بھی طرح کی ممکنہ دہشت گردانہ کاروائیوں سے محفوظ رہ سکے۔

اجلا س میں ڈی آئی جی کرائم برانچ صابر احمد، ڈی آئی جی ھیڈ کوارٹر ملک انعام الرحمٰن، ایس ایس پی گلگت رانا منصور الحق، ایس ایس پی قراقرم سیکیورٹی فورس فرمان علی،آئی جی کے پرنسپل اسٹاف آفیسر ایس ایس پی عبد الرحیم،اے آئی جی لاجسٹک طفیل احمد میر،کمانڈنٹ ریزرو ایس پی عبدالرؤف، اے آئی جی آپریشن جمیل احمد ،ڈی ایس پی لیگل عبداللہ ، ڈی ایس پی اسپیشل برانچ محمد یوسف ،رجسٹرار حسین اللہ بیگ،ایڈمن آفیسر شکور الدین اور پرنسپل پولیس پبلک سکول ڈاکٹر تہذیب الحسن اور دیگر شریک تھے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button