چترال

چترال میں فائبر آپٹک ،براڈبینڈ سروس کا آغاز ہوگیا

چترال(بشیر حسین آزاد)چترال سے قومی اسمبلی کے ممبر شہزادہ افتخار الدین نے چترال کے لوکل میڈیا سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 24فروری 2017کو ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ پی ٹی سی ایل شاہد محمود سے ٹیلیفون کال کے بعد دروش اور چترال میں پی ٹی سی ایل براڈبینڈ اور فائبر آپٹک سروس کا آغاز کیا۔ کریم آباد اور سوسوم کے عوام کے مطالبے پر ای وی پی،پی ٹی سی ایل شاہد محمود سے لینڈ لائن مسئلے پر غور کرنے کی درخواست کی جس پر ایس ڈی او چترال عبدالربی کو اس مسئلے کو حل کرنے کا کام دیا گیاہے۔ایم این اے نے کہا کہ فی الحال پی ٹی سی ایل ٹیم ٹیسٹنگ کے مرحلے کی نگرانی کے لئے چترال میں ہے۔اور شاہد محمود نے وعدہ کیا ہے کہ فائبر سروس کی چترال شہرمیں کامیابی کے بعد ایک ہفتے کے اندر دروش میں یہ سروس شروع کیا جائیگا۔جہاں پر اس طرح کا ایک ٹیسٹ کیا جائیگا۔دروش اور چترال میں اس سروس کی کامیابی کے بعد ملحقہ علاقوں میں مرحلہ وار یہ سروس شروع کیاجائیگا۔اُنہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ کے مرحلے کے دوران خراب سروس کی صورت میں صارفین ایس ڈی او پی ٹی سی ایل کے پاس اپنی شکایتیں جمع کریں کیونکہ پی ٹی سی ایل ٹیم اگلے ہفتے تک دروش اور چترال میں سروس کی کامیابی تک چترال میں ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شاہد محمود نے2015کی گرمیو ں میں چترال کا دورہ کیا تھا اور ایک میٹنگ میں اُنہوں نے ایم این اے چترا ل سے وعدہ کیا تھا کہ وہ چترال شہر اور دروش کے علاوہ آیون اور بروز میں بھی فائبرآپٹک سروس کا آغاز کرے گا۔اس سلسلے میں ایم این اے نے شاہد محمود سے ستمبر2013میں بھی ملاقات کی تھی۔تاہم یہ سروس تاخیر سے شروع ہوئی۔

ایم این اے نے کہا کہ میں نے ممبر انفراسٹرکچر پلاننگ کمیش آف پاکستان ملک احمد خان سے بات کی تھی کہ وہ چیئرمین این ایچ اے سے بات کریں تاکہ فائبر آپٹک سروس کو بچھانے کے سلسلے میں لواری ٹاپ کی بجائے لواری ٹنل کے اندر سے گذارنے کے انتظامات کیے جاسکیں۔این ایچ اے اس بات پر متفق ہوگئی تھی اور فائبر آپٹک سروس لائن کو بچھانے کے سلسلے میں لواری ٹنل کے اندر گنجائش رکھی ہے کہ ٹنل کو آمدورفت کے قابل بنانے کے بعد فائبر آپٹک سروس اس انداز سے بچھایا جائیگا کہ لواری ٹاپ کی طرح بارش اور برفباری کی صورت میں سروس ناقابل استعمال نہ ہو۔

ایم این اے نے فور ی اقدام کے لئے شاہد محمود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی سی ایل براڈبینڈ انٹرنیٹ سروس چترال میں اب ایک حقیقت ہے۔دروش اور چترال کے عوام کی طرف سے بھی اُنہوں نے شاہد محمود کا شکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے کہاکہ ایک دفعہ کامیابی سے آغاز کے بعد انٹرنیٹ براڈ بینڈ سروس کے بعد پی ٹی سی ایل چند ماہ بعد اس قابل ہو جائے گا کہ مخصوص علاقوں میں سمارٹ ٹی وی سروس کا آغاز کرے گا جسمیں160ٹی وی چینلز دیکھے جاسکیں گے جسطرح پاکستان کے بڑے شہروں میں دیکھے جاتے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button