متفرق

ضلع ناظم چترا ل نے آرسی سی پل کی تعمیر اور کریم آباد، گرم چشمہ روڈ کی بحالی کا افتتاح کیا

چترال (بشیر حسین آزاد) ضلع ناظم چترا ل مغفرت شاہ نے ہفتے کے دن لوٹ کوہ تحصیل کے شوغور کے مقام پرآرسی سی پل کی تعمیر سمیت کریم آباد روڈ اور چترال گرم چشمہ روڈ کی بحالی کا افتتاح کردیا جن کی مجموعی مالیت سات کروڑ 70لاکھ روپے بنتی ہے جن کی منظوری وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ضلع ناظم کے درخواست پر دی تھی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ دوسال پہلے سیلاب برد ہونے والے انفراسٹرکچروں کی بحالی روز بروز سنگین مسئلہ بنتا جارہا تھا کیونکہ پلوں اور سڑکوں کی عدم موجود گی میں عوام کو ناقابل بیان مشکلات کاسامنا تھا۔انہوں نے کہاکہ جب ممبران اسمبلی ڈیزاسٹر سے متاثرہ انفراسٹرکچروں کی بحالی کے لئے فنڈز لانے میں ناکام ہوگئے تو ان کا صوبائی حکومت سے رابطہ کرنے پر وزیر اعلیٰ نے 76کروڑروپے کی منظوری دے دی جس کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعظم خان بھی شکریے کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت کی کوششوں سے پی پی اے ایف کے تعاون سے کروڑوں روپے کی لاگت سے دس سالہ انٹیگریٹڈ پراجیکٹ کا آغاز کیا جارہا ہے جس میں لوٹ کوہ کے پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی کام عوام کی خواہشات کے مطابق ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اس علاقے میں ترقی کے حوالے سے عوام میں شعور اور اجتماعیت کا عنصر موجود ہے جوکہ خوش آئند ہے ۔

ضلع ناظم نے کہاکہ وہ یہ کام سیاست چمکانے یا سیاسی سکورنگ کے لئے نہیں بلکہ اپنا فرض منصبی سمجھتے ہوئے کررہے ہیں اور اس میں عوا م کی فلاح وبہبود اور سہولیات کی فراہمی کے علاوہ کوئی اور بات کارفرما نہیں ہے اور وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ پولنگ کے دن ووٹ کے کاسٹ ہونے اور نتائج آنے کے بعد تمام لوگ برابر ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پہلی مرتبہ ضلع کونسل میں حزب اقتدار اور حزب اختلاف دونوں کو برابر ترقیاتی فنڈز دئیے جارہے ہیں۔انہوں نے موقع پر موجود بلدیاتی نمائندوں کے مطالبے پر شوغور میں بی ایچ یو کے لئے اسٹاف اور ادویات کی کمی کو پورا کرنے ، برشگرام کے مقام پر نئی ڈسپنسری کے قیام کے لئے اسٹاف اور ادویات کی فراہمی اور لوٹ کوہ میں مختلف سڑکوں کیلئے دو ٹریکٹروں کی فراہمی کا اعلان کیا۔

اس سے قبل انہوں نے شوغور پل کے مقام پر افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی۔ ضلع ناظم سے قبل لوٹ کوہ سے ممبر ضلع کونسل محمد حسین نے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ ان کی کوششوں سے آج پہلی مرتبہ لوٹ کوہ کے مقام پر کروڑوں روپے کی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح ہورہا ہے۔انہوں نے لوٹ کوہ کے عوام کسی کو بھی دوسری یا تیسری مرتبہ ازمانا نہیں چاہتے اور مغفرت شاہ جیسے متحرک شخصیت کو اپنا لیڈر تسلیم کرچکے ہیں۔ انہوں نے علاقے کی ترقی کے بہانے کروڑوں روپوں کی بندر بانٹ کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کردیا۔ شوغورسے ممبر ضلع کونسل عبدالقیوم اور کریم آباد سے ممبر ضلع کونسل محمد یعقوب نے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ شوغور میں آرسی سی پل کی تعمیر اور کریم آباد روڈ کی خصوصی مرمت دیرینہ مطالبہ تھا جو کہ اب ان کے ہاتھوں پورا ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لوٹ کوہ کے عوام سے جو سیاسی لیڈر محبت کا اظہار کرے گا وہ ان کو کبھی نہیں بھولتے۔ انہوں نے کہاکہ ضلعے کی ترقی کے لئے اسلام آباد میں جس اعلیٰ پیمانے پر ڈونر کانفرنس کا انعقادکیا، وہ ضلع ناظم کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کا ان کے سیاسی مخالفین بھی معترف ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button