عوامی مسائل

ریشن بجلی گھر کی بحالی اپریل سے شروع ہونے میں کوئی شک باقی نہیں رہا، ٹھیکہ جرمن کمپنی جی ٹی زیڈ کو دیا گیا ہے/ایم پی اے سید سردارحسین شاہ

چترال (نذیرحسین شاہ نذیر) چترال سے صوبائی اسمبلی کے رکن سید سردار حسین شاہ نے کہا ہے کہ بدھ کے روز صوبائی اسمبلی کی انرجی اینڈ پاؤر کے بارے میں اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلے کے بعد ریشن بجلی گھر کی بحالی کے کام پر اپریل کے مہینے سے کام شروع ہونے میں کوئی شک باقی نہیں رہا جس کی ٹینڈرنگ کے تمام تقاضے پورے کئے گئے ہیں جس کے کام کا ٹھیکہ جرمن کمپنی جی ٹی زیڈ کو ہی دیا گیا ہے جو کہ اسے جدید خطوط پر بحال کرے گا جس سے اس کی پیدواری گنجائش پہلے سے کہیں بڑھ جائے گی۔

چترال کے میڈیا سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بدھ کے روز اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس قربان علی خان کے زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں سید جعفر شاہ اور اس (سید سردار حسین ) کے علاوہ سیکرٹری انرجی اینڈ پاؤر اور پیڈو کے حکام نے شرکت کی۔ا نہوں نے اسٹینڈنگ کمیٹی کے حوالے سے بتایاکہ ریشن بجلی گھر کی بحالی تک اس سے استفادہ کرنے والے صارفین کو رینٹل پاؤر کمپنی کے ذریعے رمضان المبارک سے پہلے پہلے بجلی فراہم کی جائے گی جس کا کنٹریکٹ بھی دیا گیا ہے جبکہ لائنوں کی بحالی پر بھی جلد ہی کام شرو ع ہوگا ۔

سید سردار حسین نے مزید بتایاکہ قائمہ کمیٹی کو پیش کی جانے والے رپورٹ کے مطابق بجلی گھر کے ٹربائن ، جنریٹر اور دیگر سازوسامان کی خریداری کے لئے بھی فنڈز ریلیز ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دو سال قبل بجلی گھر کے سیلاب برد ہونے کے بعد 16ہزار صارفین انتہائی مشکلات میں مبتلا ہیں اور پورا علاقہ اندھیرے میں ڈوباہوا ہے جبکہ علاقے کے محب وطن لوگوں نے کبھی بھی تشدد کا راستہ اختیار نہیں کیا اور ہمیشہ پرامن رہ کر اس کی بحالی کا مطالبہ کرتے رہے۔ انہوں نے کہاکہ علاقے میں بجلی کے اس شدید بحران کو حل کرنے کے لئے صوبائی حکومت نے مخلصانہ کوششیں کی ہے جن میں پیڈو کے چھوٹے چھوٹے پن بجلی گھروں کی تعمیر اور سولر پینل کی فراہمی شامل ہیں۔ 

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button