سیاست

بدعنوان وزیر اعظم کی حمایت میں قرار داد پاس کر کے اسمبلی کا وقار مجروح کیا گیا،سعدیہ دانش

گلگت(خصوصی رپورٹر)پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی قانون سازی کے بجائے مسلم لیگ نون سازی کر رہی ہے.بدعنوان وزیر اعظم کے حق میں قرارداد منظور کر کے اسمبلی کا وقار مجروح کیا گیا۔گلگت بلتستان اسمبلی مسلم لیگ نون کا سکریٹریٹ نہیں ہے اس کے تقدس کو برقرار رکھا جائے۔بدھ کے روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جس وزیر اعظم نے تین بار اقتدار ملنے کے باوجود گلگت بلتستان میں کسی عملی کام کے بجائے محض ہوائی قلعے تعمیر کئے اس کے حق میں قرارداد ناقابل فہم ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے اہم ترین ایشوز پر شترمرغ کی طرح مفادات کی ریت میں سردبائے ہوئے ارکان اسمبلی کی وزیراعظم کے حق میں قرارداد کی منظوری سے گلگت بلتستان کے باشعور عوام کو سمجھ میں آگیا ہے کہ نواز لیگی ارکان اسمبلی محض اپنی دال گلانے میں مصروف ہیں اور عدل و انصاف کا نعرہ لگانے والی مذہبی جماعتیں بھی کرپشن کی برکات سے فیض یاب ہونے کے لئے حفیظ سرکار کی ہاں میں ہاں ملا رہی ہیں۔سعدیہ دانش نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا یہ کہنا کہ سکردو روڈ کے علاوہ تمام انتخابی وعدے پورے کر دئے ہیں محض ایک سیاسی لطیفہ ہے ۔گلگت سکردو روڈ موجودہ حکومت کے گلے کی ہڈی بنا ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی پر کرپشن کے الزامات لگانے والوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ پارٹی کے نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو کرپشن اور اقربا پروری کے خاتمے کی جنگ کے علمبردار ہیں اور انکی ہدایت پر ملک بھر کی طرح پیپلز پارٹی گلگت بلتستان نے بھی لوڈشیڈنگ، بدعنوانی،میرٹ کے قتل عام اور اقربا پروری کے خلاف سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا آغاز گلگت سے کیا جاچکا ہے۔اگلے مرحلے میں 7 مئی کو سکردو میں جلسہ ہوگا اور اس احتجاج کو پورے گلگت بلتستان میں پھیلایا جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button