جرائم

تحصیل پٹن کی عمارات کو جلانے میں سرکاری ملازمین ملوث ہیں، اصلاحی کمیٹی لوئر کوہستان کا الزام

کوہستان(نامہ نگار) ضلع لوئر کوہستان کی اصلاحی کمیٹی نے تحصیل پٹن کمپلیکس کی عمارات جلانے کا الزام سرکاری ملازمین پر ڈال کر ڈپٹی کمشنر سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کردیاہے ۔

ایک تحریری درخواست میں تینتیس ممبران اصلاحی کمیٹی پٹن و کیال ضلع لوئر کوہستان نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ یکم مئی 2017بوقت ساڑھے چار بجے تحصیل بلڈنگ پٹن لوئر کوہستان کی عمارات جلانے میں سرکاری ملازمین ملوث ہیں ۔کمیٹی ممبران نے دعویٰ کیا کہ تمام سرکاری دفاتر کو آگ لگانے میں سرکاری ملازمین کا ہاتھ ہے ۔ کمیٹی ممبران نے اس سانحے پر تحقیقات کا مطالبہ کیاہے اور ملزمان کو کڑی سزا دینے کی اپیل کی ہے ۔

ایک کمیٹی ممبر حاجی گل زادہ نے میڈیا سے بات چیت میں بتایا کہ پوری قوم کا یہ ماننا ہے کہ تحصیل بلڈنگ کی عمارات سرکاری ملازمین نے اپنی کرپشن چھپانے کیلئے جان بوجھ کر جلاڈالی ہیں جو ایک سانحے سے کم نہیں ۔

واضح رہے کہ یکم مئی 2017کو ضلع لوئر کوہستان کے صدرمقام پٹن میں تحصیل کمپلیکس کی بلڈنگ نامعلوم وجوہات کی بناء پر آگ کے شعلوں میں لپٹ گئی تھی اور دیکھتے ہی دیکھتے ، ڈی سی آفس، اے سی آفس، پٹوارخانہ ، پولیس انوسٹی گیشن یونٹ آفس اور عدلیہ کے دفاتر جل کر خاک بن گئے ہیں ، آگ اتنی شدید تھی کہ اپر کوہستان داسو اور ضلع شانگلہ بشام سے فائربرگیڈ منگوانی پڑی جنہوں نے چار گھنٹوں کی طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ، اس دوران عمارات راکھ کا ڈھیر بن چکی تھیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button