تعلیم

ہنزہ: سرکاری سکولوں میں داخلے اطمینان بخش، ڈی ڈی ای کی خالی پوسٹ کو پُر کیا جائے، ٹیچرز ایسوسی ایشن کا مطالبہ

ہنزہ (اکرام نجمی) ٹیچرز ایسوسی ایشن ہنزہ کے عہدہداروں کے مطابق ایسوسی ایشن کا ایک ہنگامی اجلاس صدر احمد حسین صفا کے زیر قیادت ہنزہ میں منعقد ہوا جس میں ضلع ہنزہ کے محکمہ تعلیم سے متعلق مسائل زیر بحث رہے ۔اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد پاس کی گئی ۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ضلع ہنزہ کے محکمہ تعلیم کے نائب ناظم فقیر محمد کی ریٹائرمنٹ کے بعد محکمہ تعلیم ہنزہ کے امور نائب ناظم امور تعلیمات کی عدم تعیناتی کی وجہ سے مسائل کے شکار ہیں جس سے محکمہ تعلیم متاثر ہورہا ہے۔ تاحال ارباب اختیار کی جانب سے کسی نائب ناظم امور کی تعیناتی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سکریٹری تعلیم سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ نظام کو مروجہ ضوابط کے تحت چلانے کیلئے فی الفور نائب ناظم ضلع ہنزہ کی تعیناتی یقینی بنایا جائے ۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ سابق ڈی ڈی ای کی ریٹائرمنٹ کے بعد بطور ایکٹنگ ڈی ڈی ای کام کرنے والے موجودہ DISکی بطور ڈی ڈی ای تقرری کا اہتمام کیا جائے۔ یا کسی بھی سینئر اور اہل افسر کو بطور ڈی ڈی ای مقرر کیا جائے تاکہ نظام کو آگے بڑھانے کی سبیل ہو۔

ٹیچرز ایسوسی ایشن نے سال 2017کو تعلیمی سیشن میں سرکاری سکولوں میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد میں داخلوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلع ہنزہ کے اساتذہ ہیڈ ماسٹرصاحبان اور محکمہ تعلیم ہنزہ کے حکام سے اپیل کی ہے کہ ہنزہ میں عوام کے سرکاری سکولوں پر مکمل اعتماد بحال کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگائیں۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم ہزاروں طلبہ و طالبات کیلئے مفت کتابوں کی فراہمی کو سراہتے ہوئے وقفہ وقفہ سے کتابوں کی تقسیم کے نقصان دہ نتائج کو سامنے رکھتے ہوئے ضلع و خطہ کے تعلیمی ارباب اختیار مطالبہ کیا جاتا ہے کہ مزید تاخیر کئے بغیر ضرورت کی تمام کتب کو ضلع ہنزہ کے تمام طلبہ و طالبات تک پہنچانے کا اقدام کیاجائے نیز اجلاس صوبہ گلگت بلتستان کے علم دوست ارباب اختیار سے توقع رکھتا ہے کہ وہ مزید علم دوستی کا مظاہر کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کیلئے کتابوں کے ساتھ ساتھ یونیفارم مہیا کرنے کیلئے بھی وسائل فراہم کرے تاکہ معاشرے کے نادار و غریب والدین کے بچے مشکلات سے دوچار ہوئے بغیر بنیادی تعلیم کے حق سے محروم نہ رہے۔

یاد رہے کہ ٹیچر ز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کے اساتذہ کی مشترکہ تنظیم ہے جو گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں اساتذہ کے فلاح و بہود اور انکے حقوق اور سرکاری سکولوں میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے کامیاب جدوجہد کررہا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

متعلقہ

Back to top button