سیاست

ہنزہ : ٹینڈر سے قبل علی آباد تا کریم آباد روڑ کا افتتاح عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے، میر سلیم خان

اسلام آباد: رکن قانون ساز اسمبلی شاہ سلیم خان نے کہا ہے کہ ہنزہ میں ترقیاتی کاموںکا جال بچھایا جا رہا ہے شمشال روڑ جیسے اہم منصوبے اور دیگر متعدد منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے ان منصوبوں کی تکمیل سے ضلع ہنزہ میں خوشحالی آئے گی اور عوام کے معیار زندگی بہتر ہوگا پاک چین سرحد سے متصل ضلع ہنزہ کی تاریخی،جغرافیائی،تجارتی اور سیاحتی حیثیت اور اہمیت کسی سے پوشیدہ نہیں اور مجھے فخر ہے کہ اس ضلع کے عوام نے بھاری مینڈیٹ کے ساتھ مجھے نمائندگی کا حق دیا ہے۔ کے پی این کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں سلیم خان نے کہا کہ میں ضلع ہنزہ کا منتخب نمائندہ ہوں مگر مجھے اعتماد میں لئے بغیر میرے حلقے کی ترقیاتی سکیموں میں بعض حکومتی شخصیات بے جا مداخلت کر رہے ہیں جو باعث تشویش اور قابل مذمت ہے جس کی تازہ مثال ٹینڈر سے قبل کیا جانے والا علی آباد تا کریم آباد روڑ کا افتتاح ہے جو نہ صرف عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے بلکہ قوانین اور اصولوںکی بھی خلاف ورزی ہے وقت آنے پر میں تمام حقائق اور بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کے مرتکب کرداروں کو بھی سامنے لائوںگا۔انہوںنے کہا کہ میں پیرا شوٹ کے ذریعے اقتدار میں نہیں آیا بلکہ مجھے ہنزہ کے عوام نے بھاری مینڈیٹ دے کر اسمبلی پہنچایا ہے میں ضلع ہنزہ کی ترقی کے لیے کام کر رہا ہوں لیکن بعض حکومتی شخصیات نے ذاتی مفادات کے لیے ٹینڈر سے قبل ہی ٹھیکوں کی بندربانٹ کا ایک نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے جو نہ صرف پارٹی کے قائد اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے وژن کی خلاف ورزی ہے بلکہ ایسے اقدامات سے حکومت بھی بدنام ہوتی ہے چند لٹیروں اور چوروں کے ساتھ مل کر وزیر اعظم کے وژن کے برخلاف ترقیاتی کاموں میں خلل ڈالنے والوں کو میرا پیغام ہے کہ میں کسی صورت خلاف میرٹ اور رشوت کلچر کو ہرگز برداشت نہیں کروںگا۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے دوران میاں محمد نواز شریف نے درجنوں امیدواروں کو بائی پاس کر کے مجھے پارٹی ٹکٹ دیا تھا میں کبھی رشوت برداشت نہیں کروںگا۔انہوں نے کہا کہ علی آباد تا کریم آباد روڈ کے افتتاح کے نام پر ٹی ایس اور پری کوالیفیکیشن سے قبل ہی اپنے نام کی تختی لگانا سمجھ سے بالاتر ہے حالانکہ حلقے کے عوام اور ٹھیکداروںنے اس کرپشن کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا تھا اور اس سے احتجاج کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہونا تھا جس کو سیکرٹری ورکس نے مداخلت کر کے رکوایا ہے جبکہ عوام ہی کے مطالبے پر وزیر اعلیٰ نے اس معاملے کا نوٹس لے کرٹھیکہ میرٹ پر دینے کی یقین دہانی کروادی ہے اس کے بائوجود بعض عناصر شور مچا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں میرٹ پر یقین رکھتا ہوں اور دوسروں کو بھی میرا یہی مشورہ ہے کہ وہ میرٹ کے مطابق کام کرے۔ اہم حکومتی شخصیات کی جانب سے ایک حلقے میں بے جا اور غیر قانونی مداخلت سے نہ صرف پارٹی کو نقصان پہنچے گا بلکہ عوام کے مینڈیٹ کی بھی توہین ہوگی ۔انہو ں نے کہا کہ بڑے حکومتی شخصیات اپنے آپ کو مخصوص حلقوں تک محدود کرنے کے بجائے وہ اپنے عہدے اور مینڈیٹ کے مطابق پورے گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کریں۔ ضلع ہنزہ سے میں منتخب رکن اسمبلی ہوں اور اگر اہم معاملات میں مجھے بائی پاس کرنے کی کوشش کی گئی تو میں اور میرے حلقے کے عوام ہرگز برداشت نہیں کریںگے اور اگر ہنزہ کی ترقیاتی سکیموں اور دیگر معاملات میں بے جا مداخلت بند نہیں ہوئی تو میں اہم حکومتی شخصیات اور بعض دیگر لٹیروں کے حوالے سے بہت سارے حقائق سامنے لائوںگا اور اگر ضرورت پڑی تو اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج بھی کروںگا۔

انہوں نے کہا کہ میرے پاس پارٹی کا کوئی عہدہ نہیں اور میں پارٹی کا ایک ورکر ہوں جن لوگوں کے پاس پارٹی عہدے ہیں وہ پارٹی امور بہتر انداز میں چلائے۔ وزیر اعلیٰ نے ضمنی انتخابات کے دوران اعلان کیا تھا کہ انتخابات میں پارٹی امیدوار کی حمایت نہ کرنے والے خود کو پارٹی سے فارغ سمجھے مگر آج وہی لوگ جنہو ں نے انتخابات میں پارٹی کو ووٹ نہیں دیا فارورڈ بلاک کے نام سے واویلا مچا رہے ہیں حالانکہ ان لوگوں کی عوام میں کوئی اہمیت اور حیثیت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ بعض عناصر اخباری بیانات کے ذریعے میرے اور عوام میں دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر ایسے عناصر کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا کیونکہ میں
اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ رہتا ہوں اور ضلع ہنزہ کے عوام میرے ساتھ ہیں۔ بشکریہ کے پی این

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button