جرائمکوہستان

کوہستان: تحصیل پالس میں ایک ہی خاندان کے چارافراد قتل

کوہستان(شمس الرحمن شمسؔ ) کوہستان ، باڑھ کیوں ہٹادی، طیش میں آئے مخالفین نے ایک ہی خاندان کے چارافراد کو ابدی نیند سلادیا۔ تفصیلات کے مطابق کوہستان کی تحصیل پالس کے علاقہ کوزگبیرکولئی میں جمعے کی پہر افسوسناک واقعہ پیش آیاہے جس میں متنازعہ کھیتوں کے کنارے لگائی باڑھ کے ہٹانے پر مخالفین نے ایک ہی گھر کے چارافرادکو اندھادھند فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ایس ایچ او تھانہ بٹیڑہ خلیل الرحمن کے مطابق حادثہ دو قبائل آزاد خیل اور چھلیس خیل کے مابین اُس وقت پیش آیا جب چھلیس خیل قوم کے افراد آزاد خیل قوم کے گھروں کے قریب متنازعہ کھیتوں پر لگی باڑھ ہٹانے گئے۔عینی شاہدین کے مطابق جونہی چھلیس خیل قوم کے افراد باڑھ کے نزدیک پہنچے تو گھروں میں گھات لگائے آزاد خیل قوم کے افراد نے اُن پر فائر کھول دی جس کے نتیجے میں ایک ہی گھر کے چارافراد جاں بحق ہوگئے ۔مرنے والوں میں تین سگے بھائی(مشال ، حنیف، مصباح الحق پسران حضرت میر)جبکہ بھتیجانواب ولد مشال شامل ہے۔ایک ہی گھر سے چارجنازے اُٹھنے پر گاوں بھر میں کہرام مچا ہواہے اور علاقہ میں خوف ودہشت پھیلی ہوئی ہے۔مقتولین کے ورثاء نے آزاد خیل قوم کے چھ افراد پر قتل کا مقدمہ درج کروایا ہے جن میں میلو ، منیر ، پٹھا ن پسران غنڈے ، شامدار، عاظم خان پسران ذرین اور دراز ولد بگال شامل ہیں ۔خلیل الرحمن کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے جبکہ ملزمان آلہ قتل سمیت فرار ہوگئے ہیں ،گھروں میں خواتین کے سوا کوئی بھی نہیں ہیں،پولیس نفری کی قیادت ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر لوئر کوہستان محمد ریاض کررہے ہیں۔چونکہ علاقہ دشوار گزار اور پہاڑی ہونے کے پیش نظر پولیس کی رسائی فوری ممکن نہ تھی جس کے باعث ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔واضح رہے کہ کوہستان کا یہ علاقہ قتل وغارت گری میں مشہور و معروف ہے اس علاقے میں ماضی میں بھی کئی خون کی وارداتیں ہوچکی ہیں ۔امن کیلئے حکومت اس علاقے میں رٹ آف دی سٹیٹ قائم کرنے کیلئے اقدامات کرے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button