عوامی مسائل

دیامر انتظامیہ کی بابوسر روڑ پر غیر معیاری اجناس بیچنے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے اور تجاوزات کرنے والوں کے خلاف کاروائی

چلاس(مجیب الرحمان) بابوسر روڈ پرسیاحوں کو تحفظ اور سہولیات کی فراہمی اور ان کی مشکلات کے خاتمے کے لئے ضلعی انتظامیہ کا زبردست ایکشن،ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار احمد ملک کی خصوصی ہدایت پر میونسپل مجسٹریٹ شیخ فرید کا پولیس اور لیویز ٹیم کے ہمراہ بابوسر جلکھڈروڈ پر کاروائی ،ہوٹلوں،دکانوں پر چھاپے غیر معیاری کھانوں،کولڈ ڈرنکس ،اشیائے خوردونوش،فروٹس کی فراہمی ،زیادہ قیمتیں وصول کرنے،غلط پارکنگ کر کے ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کر دئیے۔بغیر لائسنس گاڑی چلانے اور چھتوں پر سواریاں بٹھانے والوں کو بھی مجسٹریٹ کے حکم پر ٹریفک پولیس انچارج جاوید اقبال نے چالان کی پرچی تھما کر دن میں تارے دکھا دئے۔

میونسپل مجسٹریٹ نے بابوسر روڈ پر ناجائز تعمیرات کو بھی مسمار کرنے کی ہدایات جا ری کر دیں۔جبکہ زیرو پوائنٹ سے بابوسر ٹاپ تک سیکیورٹی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ٹورسٹ فیسیلیٹیشن سنٹرز ،مسافروں کی انٹری کا بھی جائزہ لیا۔بابوسر ٹاپ پر سیاحوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے پارکنگ کا انتظام کرنے سمیت انکے لئے واش رومز کا بندوبست اور انتظامیہ کی جانب سے لوکل گورنمنٹ کے تعاون سے قائم واش رومز کو فعال رکھنے سے متعلق بھی احکامات دئے۔بابوسر روڈ پر مسافروں کے مسائل دریافت کرنے سمیت انکو بابوسر روڈ پر محتاط ڈرائیونگ کرنے کی ہدایات بھی دیں۔بابوسر ٹاپ پر سیاحوں کی گاڑیوں کی غلط پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے پر بذات خود ٹریفک پولیس کی مدد سے ٹریفک کی روانی بحال کروادی۔

میونسپل مجسٹریٹ شیخ فرید نے بابوسر ٹاپ پر موجود سیکیورٹی اداروں اور پولیس کو مسافروں سے بہتر رویہ رکھنے سمیت ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور بابوسر روڈ پر سفر کرنے والے مسافروں کو ہدایات دینے کے احکامات بھی صادر کئے۔انہوں نے بابوسر روڈ پر موجود رضاکار فورس کے جوانوں کی ڈیوٹی کا بھی جائزہ لیا۔اور انہیں سیاحوں کو تیز رفتاری سے اجتناب کرنے کی ہدایات دینے کا بھی حکم دیدیا۔جبکہ بابوسر ٹاپ کے قریب گزشتہ روز کے حادثے کے مقام کا بھی جائزہ لیا اور روڈ کے کنارے سیفٹی وال کی تنصیب کے لئے اقدامات کرنے سے متعلق جائزہ بھی لیا۔

انہوں نے بابوسر ٹاپ کے قریب روڈ کے اندر گاڑیاں کھڑی کر کے برف لوڈ کر نے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کاروائی کی۔اور ٹریفک پولیس کے ذریعے ان کا بھی چالان کروادیا ۔اور آئندہ کے لئے روڈ کے اندر گاڑی کھڑی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا حکم بھی دیدیا۔

میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں میونسپل مجسٹریٹ شیخ فرید نے کہا کہ بابوسر روڈ پر پے در پے حادثات کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔روڈ پر سفر سے متعلق ہدایات آویزاں کر دی گئی ہیں۔جبکہ بابوسر ٹاپ سمیت زیرو پوائنٹ تک تمام پولیس اور دیگر اداروں کو مسافروں کو محتاط ڈرائیونگ کرنے کی ہدایات دینے کے احکامات بھی دئے ہیں۔بابوسر ٹاپ پر صفائی کے لئے ہفتے میں ایک مرتبہ بلدیہ اہلکاروں کو بھیجا جائے گا۔تاکہ صفائی کا معیار برقرار رہ سکے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار ملک اور انکی پوری ٹیم اور تمام سیکیورٹی ادارے سیاحوں کی تحفظ اور انہیں سہولیات فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابوسر میں ہوٹلوں کی بھی چیکنگ کی گئی ہے۔مسافروں کو غیر معیاری کھانے فراہم کرنے پر پاکستان ہوٹل سمیت دوسرے ہوٹلوں پر جرمانے کئے ہیں۔اور انہیں معیاری اور سستے کھانوں کی فراہمی کی ہدایات دی گئی ہیں۔بابوسر روڈ پر سفر کرنے والے مسافروں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button