کھیل

گاہکوچ ،اٹھارواں شہدائے کارگل کپ ، فائنل میچ آج ہوگا، داماس گرین اور ینگ چیلنجر ز کلب سنگل کی ٹیمیں مد مقابل

کھیلوں کی سرگرمیوں اور یوتھ افئیرز میں عدم دلچسپی کی وجہ سے محکمہ کھیل و ثقافت، ایڈمنسٹریشن سمیت کسی بھی حکومتی و سیاسی شخصیات کو بطور احتجاج مدعو نہیں کیا جائے گا

گاہکوچ( سپورٹس رپورٹر)اٹھارواں شہدائے کارگل میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل میچ آج اتوار کو داماس گرین اور ینگ چیلنجر ز کلب سنگل کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت اور کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ داماس سپورٹس کمیٹی کے مطابق فائنل کے انتظامات کو حتمی شکل دے د ی گئی ہے۔ بلدیہ گاہکوچ کے ملازمین کی مدد سے داماس فٹبال اسٹیڈیم کی صفائی بھی کر وا دی گئی ہے۔غذر کی دو مشہور اور مضبوط ٹیموں کا فائنل مقابلہ دیکھنے کے لیے ریکارڈ تماشائی گراؤنڈ کا رخ کریں گے۔ داماس سپورٹس کمیٹی کے ممبران نے کہا کہ فائنل مقابلے میں غذر میں کھیلوں کی سرگرمیوں اور یوتھ افئیرز میں عدم دلچسپی کی وجہ سے محکمہ کھیل و ثقافت، ایڈمنسٹریشن سمیت کسی بھی حکومتی و سیاسی شخصیات کو بطور احتجاج مدعو نہیں کیا جائے گا۔ البتہ شہدا اور غازیوں کے گھر والوں اورعمائدین علاقہ کو خصوصی مدعو کیا جائے گا۔اٹھارواں شہدائے کارگل میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ بھی داماس سپورٹس کمیٹی نے اپنے مدد آپ کے تحت ہی کرایا ہے جس میں حکومت کی طرف سے کوئی مدد حاصل نہیں ہے۔ جب کہ کمیٹی نے اس حد تک پر امن طریقے سے ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا کہ ایک بھی پولیس اہلکار کو تعینات نہیں کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ داماس سپورٹس کمیٹی ہر سال شہدائے کارگل اور وہاں کے غازیوں کے بے لوث خدمات کو یاد کرنے اور انھیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کرتی ہے۔ ہم کارگل کے محاذپر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سینکڑوں شہیدوں اور غازیوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے رہیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button