سیاست

صوبائی حکومت اور ڈپٹی سپیکر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، غیر جمہوری رویہ قابلِ مذمت، سعدیہ دانش

گلگت(پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ ضیاء الحق کے فکر و فلسفے پر عمل پیرا نواز لیگ کی صوبائی حکومت اور ڈپٹی سپیکر  بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر الٹی سیدھی حرکتیں کر رہے ہیں۔اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے نو منتخب رکن جاوید حسین کی حلف برداری کے دوران ڈپٹی سپیکر کا غیر جمہوری اور غیر ذمہ دارانہ رویہ قابل مذمت ہے۔اور اس طرح کی حرکتیں قانون ساز اسمبلی کی توہین ہے۔ڈپٹی سپیکر نے پچھلے دنوں پیسوں کے عوض ووٹ بیچنے کا الزام عائد کر کے نگر کے باشعور اور غیور عوام کی توہین کی ہے اس پر وہ نگر کے عوام سے معافی مانگیں۔اس طرح کے پست ذہنیت کے لوگوں کی قانون ساز اسمبلی میں موجودگی المیہ ہے بدقسمتی سے ایک ایسے شخص کو ڈپٹی سپیکر بنایا گیا ہے جسے قانون ساز اسمبلی اور اپنے عہدے کے وقار اور قواعد وضوابط کا علم ہی نہیں۔اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا عہدہ غیر جانبدار ہوتا ہے جبکہ ڈپٹی سپیکر نواز لیگ کے جانثار بنے ہوئے ہیں انہیں فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفی دینا چاہیے تاکہ اسمبلی کا وقار برقرار رہ سکے۔

ڈپٹی سپیکر کو اس بات کا دکھ ہے کہ نگر کے غیور اور باشعور عوام نے صوبائی حکومت کی ناکامیوں اور نااہلیوں کا پردہ چاک کرتے ہوئے انہیں بری طرح سے مسترد کر دیا ہے۔اور اپوزیشن میں ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا ہے کیونکہ نگر کے عوام پر یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ اگر کوئی جماعت انکے حقوق کی ضامن ہے تو وہ پیپلز پارٹی ہے۔

صوبائی حکومت کو اس بات کا غصہ ہے کہ پیپلزپارٹی انکی بدعنوانی اقربا پروری میرٹ کی پامالی اور لاقانونیت کی راہ میں رکاوٹ بن چکی ہے۔اور عوامی امنگوں کے عین مطابق بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ڈپٹی سپیکر کو اپنے قائد کی فکر کرنی چاہیے جو پانامہ کیس میں اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں اور اسکے   کے بعد پہلے سے اختیار صوبائی حکومت مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ جائے گی۔پیپلزپارٹی کی صوبائی قیادت اور تمام جیالے پوری طاقت کے ساتھ عوام کے درمیان کھڑے ہیں اور ذوالفقار علی بھٹو شہید اور بےنظیر بھٹو شہید کے عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر گلگت بلتستان کے حقوق کے لئے کوشاں ہیں اور حکمرانوں کی کرپشن کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button