اہم ترینمعیشت

حکومتی یقین دہانی پر تاجر برادری نے ٹیکس کے نفا ذ کے خلاف شٹر ڈاون اور پہیہ جام ہڑتال کی کال واپس لے لی ۔ صوبائی وزرا کا پریس کانفرنس

گلگت ( پ ر) حکومتی یقین دہانی کے بعد تاجر برادری کی جانب سے ٹیکس کے نفا ذ کے خلاف ہونے والی شٹر ڈاون اور پہیہ جام ہڑتال کی کال واپس لے لی گئی۔ ایک اہم ترین پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات ، مصوبہ بندی و ترقیات اقبال حسن ، پارلیمانی سیکریٹری برائے قانون اورنگزیب ایڈوکیٹ ، معاونین خصوصی برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان فاروق میر اور حاجی عابد علی بیگ نے بتا یا کہ 25اکتوبر کو وزیر اعظم پاکستان کے دورہ سکردو کے موقع پر کونسل کے اجلاس میں صوبائی حکومت کی سفارش پر ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے اہم ترین فیصلے کیئے جا رہے ہیں جس میں سر فہرست نئے نافذ کئے جانے والے ٹیکسز کو معطل کیا جائے گا اس سلسلے میں وزیر اعلی گلگت بلتستان نے عوامی مطالبات کی روشنی میں سفارشات بھی تیار کی ہیں۔

صوبائی حکومت کو عوام کے تمام مسائل کا ادراک ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابق وزیر اعظم کی جانب سے تشکیل کردہ ٹیکس کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کی حتمی سفارشات سے قبل لاگو کردہ ٹیکسز وزیر اعظم پاکستان کے احکامات کی خلاف ورزی ہیں ، جس کا گلگت بلتستان حکومت اور کونسل نے سختی سے نوٹس لیا ہے جس میں اس مسئلے کو ایجنڈے میں سرفہرست رکھا گیا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیئے 25اکتوبر کو سکردو میں منعقد ہونے والے کونسل کے اجلاس میں جس کی سربراہی وزیر اعظم پاکستان کرر ہے ہیں

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج کل ٹیکس کے حوالے ہونے والے واویلا اور مسائل کا سبب سابقہ حکومت ہے جس نے 2012میں ٹیکسز لاگو کرائے تھے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیکس کونسل کا سبجیکٹ ہے جس پر صوبائی حکومت کوئی قانون سازی نہیں کر سکتی ہے اور کونسل ہی وفاق کے بنائے گئے قوانین کے گلگت بلتستان پر اطلاق کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔ اس نکتے کو مد نظر رکھتے ہوئے کونسل کے 25اکتوبر کے اجلاس میں کونسل میں شامل گلگت بلتستان کے نمائیندے وزیر اعظم سے سفارش کریں گے کہ فی الفور نئے ٹیکسز کے اطلاق کو روکا جائے۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان نے اینٹی ٹیکس موومنٹ کی جانب سے احتجاج کے نتیجے میں سابقہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے سامنے بھی یہ معاملہ اٹھایا تھا جنہوں نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں وزیر اعلی گلگت بلتستان صوبے کی بھرپور نمائندگی کر رہے تھے۔ اس کمیٹی نے ود ہولڈنگ ٹیکس کو حتمی سفارشات آنے تک معطل کر دیا تھا۔

پارلیمانی سیکریٹری برائے قانون اورنگزیب ایڈوکیٹ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مزید تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ آج سے گلگت بلتستان میں ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے ہر قسم کے نوٹسز معطل سمجھے جائیں گے۔ لیکن ٹیلی کام سیکٹر، این جی اوز، ملازمین کی تنخواہوں اور بنکوں پر یہ ٹیکس بدستور لاگو رہیں گے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے اسمبلی میں بھی خطاب کے دوران کہا تھا کہ مراعات یافتہ طبقہ اور اشرافیہ کو ہر صورت ٹیکس دینا پڑے گا، عام آدمی اور کم مراعات یافتہ طبقات ٹیکس سے مستثنی ہونگے۔ وفاق میں لاگو ٹیکسز کے لیئے فنانشل بل 2015-16 کو گلگت بلتستان میں بھی لاگو کیا گیا تھا جو کہ کونسل کے فیصلے کے بعد معطل کیا جائے گا اور تمام نوٹسز بھی معطل کیئے جائیں گے۔

اس پریس کانفرنس کے موقع پر تاجر برادری کے صدر محمد ابراہیم اور جنرل سیکرٹری مسعود الرحمن بھی موجود تھے جنہوں نے حکومت کی جانب سے یقین دہانی کرائے جانے پر ٹیکسز کے خلاف کی جانے والی شٹر ڈاون اور پہیہ جام ہڑتال کی کال واپس لے لی اور مطالبہ کیا کہ حکومت ہر صورت اس نوٹیفیکشن کا اجراء یقینی بنائے۔

صوبائی وزیر اطلاعات اقبال حسن اورپارلیمانی سیکریٹری برائے قانون اورنگزیب ایڈوکیٹ نے تاجر برادری کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت کو ان کے مسائل کا بھرپور ادراک ہے اور ان کے مطالبات کی روشنی میں اس کا یقینی حل تلاش کیا جائے گا۔ احتجاج سب کا جمہوری حق ہے ، لیکن حکومت کی کوشش ہے کہ معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے۔ موجودہ مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعلی گلگت بلتستان نے کل تمامتعلقہ اداروں سے بریفنگ بھی لی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ ان مسائل کادیرپا حل تلاش کیا جائے۔

وزیر اطلاعات اقبال حسن ، سیکریٹری برائے قانون اورنگزیب ایڈوکیٹ ، معاونین خصوصی برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان فاروق میر اور حاجی عابد علی بیگ نے تاجران کے نمائیندوں کو یقین دہانی کرائی کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور آپ کے مطالبات کے حل کے لیئے وزیر اعلی گلگت بلتستان نے ہمیں آپ سے با ت کرنے کا اختیار بھی دیا ہے۔ ہم مکمل مینڈیٹ کے ساتھ آپ سے وعدہ کر رہے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button