خبریں

ڈگری کالج فار بوائز سکردو کے زیر اہتمام یوم الحسین ؑ کا انعقاد

سکردو(نمائندہ خصوصی) آج سکردو ڈگری کالج (بوائز)کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ کونسل ہال سکردومیں یوم الحسین علیہ السلام منایا گیا جس کی صدارت بلتستان کے معروف عالم حجۃالاسلام سید مظاہر حسین موسوی نے کی جبکہ مہمان خصوصی ممتاز دانشور عالم دین حجۃالاسلام شیخ محمد علی توحیدی اور اہل سنت کے مذہبی سکالر بلال زبیری تھے۔ پرنسپل ڈگری کالج سکردوجناب اشرف ملک نے میزبانی کے فرائض اداکیے۔

ڈگری کالج سکردو کے طالب علم اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے صدر سعید شگری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ یوم حسین منانے کا مقصد نوجوان نسل کو اسلام کی خوبیوں نیزاسلام کے حیات آفرین اور انسانیت سازمکتب فکر سے آشناکراناہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اور عالم اسلام کو امن وآشتی اور اخوت وبرادری کا پیغام عام کرنے کے لئے حسینیت کے پلیٹ فارم پر جمع ہونا ضروری ہے۔

مہمان خصوصی علامہ شیخ محمد علی توحیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حسین ؑ کا پیروکار بننا اور حسینیت سے آشنائی ہماری دنیوی واخروی ضرورت ہیں کیونکہ بقول رسول حسین ہدایت کا چراغ ہیں ،رسول حسین سے ہیں اور حسین رسول سے ہیں نیز حسین جوانان جنت کے سردار ہیں اور قرآن واہل بیت سے تمسک حدیث ثقلین کی روشنی میں صراط مستقیم پر گامزن رہنے کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین نے خدائی راہ میں جو عظیم قربانی دی اس کی قدردانی میں خدانے پوری دنیا میں حسین کا بول بالا کیا چنانچہ آج دنیا میں سب سے زیادہ آنسو حسین کے لئے بہائےجاتے ہیں ،سب سے زیادہ زیارت روضہ حسین کی ہوتی ہے، سب سے طویل 80کلومیٹر پر محیط نماز جماعت کربلا و نجف کے درمیان برپا ہوتی ہے اور سب سے زیادہ حسین کا نام لیا جاتا ہے۔

مہمان خصوصی اور اہل سنت کے معروف عالم مولانا بلال زبیری نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ حسین ظلم کے خلاف قیام کا نام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حسین کا نام لیتے ہیں لیکن ریاستی اور اجتماعی مظالم کے خلاف آواز نہیں اٹھاتے ۔انہوں نے کہا کہ علی اور حسین رسول کے بعد کائنات کی سب سے بڑی ہستیاں ہیں اور دنیا ان کے گَردراہ کو بھی نہیں پہنچ سکتی۔آج ذکر حسین کے ساتھ فکر حسین اور کردار حسینی ہی ہماری نجات کی ضامن ہیں۔

پرنسپل ڈگری کالج سکردو جناب اشرف ملک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا : جب تک ہمارا کردار حسینی نہ ہوہم زبانی دعوے سے حسینی نہیں بن سکتے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان طلباء اپنی پوری توجہ حصول علم ودانش اور حصول کمال کے لئے وقف کریں اور فضولیات سے بچتے ہوئے اعلیٰ انسانی ،اسلامی اور حسینی مقاصد کے لئے اپنے آپ کو وقف کریں۔موصوف نے کامیاب اور پر امن انداز میں یوم حسین منعقدکرنے پر طلبا کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر محفل حجۃالاسلام سید مظاہر حسین موسوی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ امام حسین ؑ صرف مسلمانوں کا سرمایہ نہیں بلکہ پوری بشریت کے نجات دہندہ ہیں۔ حسینیت کا راستہ دشوار توہے لیکن فلاح انسانیت کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء اپنی تعلیمی ومعاشرتی ذمہ داریاں اداکرکے ’’لبیک یاحسین ؑ‘‘ کی عملی تصوریر پیش کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل مستقبل کا سرمایہ ہیں۔ اگر اس سرمائے کی تربیت ہو تو ملک کا مستقبل بن سکتاہے لیکن یہ خراب ہو تو ملک وملت کا مستقبل برباد ہوجائے گا۔

پروگرام کے آخر میں تمام شرکاء نے مل کر پاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا۔

اس پروگرام میں مذکورہ مقررین کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر سکردو جناب زین العابدین ،پروفیسر حسن شاد،پروفیسر حسن دلشاد،پروفیسر محمد حسین حاجی آغا، جناب مولانا فداعلی ذیشان ودیگر اساتذہ کرام نے بھی شرکت کی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button