پاکستان

چلاس : میں آج بھی ہدایات وزیر اعظم نواز شریف سے لیتی ہوں ۔ ماروی میمن

چلاس ( شہاب الدین غوری ) چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے کہا کہ گلگت بلتستان صوبہ نہیں آج بھی ٹریٹری ہے ۔ گلگت بلتستان کو مکمل آئینی چھتری فراہم کرنے کیلئے سرتاج عزیز کی سربراہی میں کمیٹی کام کررہی تھی اور مذکورہ کمیٹی نے اپنی سفارشات وزیر اعظم کو بھیجی ہیں جس کا ابھی اعلان ہونا باقی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا وزیر اعظم نواز شریف اور خاقان عباسی ہیں، میں آج بھی ہدایات وزیر اعظم نواز شریف سے لیتی ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ دیامر کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں، گرلز ہائی سکول چلاس میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بییفشریز، سکول کےطالبات، مقامی ہوٹل میں عمائدین و علمائے دیامر اور صدر مسلم لیگ ن دیامر عبدالوحید کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے وفد سے اظہارخیال کرتے ہوئے کیا۔

ماروی میمن نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پائلٹ پراجیکٹ کیلئے دیامر کو چنا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دیامر میں بے نظیر انکم سپورٹس پروگرام کا تین ماہ بعد نیا سروے کرایا جائیگا۔ ماضی میں غلط سروے کی وجہ سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا فائدہ غریبوں کی بجائے امیروں کو ہوا ہے،لیکن ن لیگ کی حکومت اب صاف اور شفاف سروے کرائے گی اور حق دار کو ان کا حق گھر کی دہلیز پر ملے گا ۔

انہوں نے کہا کہ دیامر ایک پسماندہ علاقہ ہے نالہ جات میں بچوں کو معیاری خوراک نہیں مل رہا ،پہلی دفعہ بے نظیر انکم سپورٹس پروگرام کے تحت ماں اور بچے کی نگہداشت کیلئے ماوں کو معیاری خوراک بچوں کو کھلانے سے متعلق ٹریننگ دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے اُن ماوں کو پہلی دفعہ بے نظیر انکم سپورٹس پروگرام کے تحت پیسے ملیں گے جو اپنے کمسن بچوں اور بچیوں کو حفاظتی ٹیکے لگوائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وسیلہ تعلیم پروگرام کے ذریعےپانچ سال سے 12سال کے بچوں اور بچیوں کو سکول بھیجنے کیلئے ماہ وار 250روپے وظیفہ دیا جارہا ہے۔ دیامر کے لوگ وسیلہ تعلیم پروگرام سے مستفید ہونے کیلئے اپنی بچیوں کو سکولوں میں داخل کروائیں ۔

انہوں نے کہا کہ دیامر ایک مخصوص قبائیلی رسم رواج کا حامل علاقہ ہے اس لیئے دیامر میں شرعی طریقے کو مد نظر رکھ کر خواتین کو ان کے گھر میں مختلف ٹریننگز دی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میرا دوسرا گھر ہے مجھے ٹھٹہ سے زیادہ یہاں کے لوگوں سے محبت ہے اور اس علاقے کے عوام کیلئے خدمات بھی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دیامر میں کوئی بھی غریب گھرانہ بی آئی ایس پی پروگرام کے فوائد سے خالی نہیں رہے گا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام امیروں کیلئے استعمال ہوا اور اپنے پارٹی کے کارکنوں کو نوازا گیا۔لیکن ن لیگ کی حکومت کبھی بھی ایسا نہیں کرے گی وہ اس پروگرام کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کرے گی اور اور اس پروگرام کا پیسہ شفافیت کے ساتھ حق دار تک پہنچایا جائیگا ۔ماروی میمن نے چلاس میں لیگی ورکروں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مطالبات سنیں ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button