سیاست

وفاق میں نواز لیگ کی حکومت کی مدت ختم ہوتے ہی حفیظ سرکار کے جعلی مینڈیٹ کا خاتمہ ہوجائے گا، سعدیہ دانش سکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی

گلگت(پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوامی حقوق کی ضامن بننے کے بجائے دشمن بن گئی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوامی ردعمل سے صورتحال ایسی بن رہی ہے کہ وفاق میں نواز لیگ کی حکومت کی مدت ختم ہوتے ہی حفیظ سرکار کے جعلی مینڈیٹ کا خاتمہ ہوجائے گا اور نئے انتخابات ہونگے۔ کیونکہ گلگت بلتستان کے عوام پر پہ یہ حقیقت عیاں ہوچکی ہے کہ جو وزیر اعلی اور وزراء وفاق میں حکومت ہوتے ہوئے کوئی تیر نہیں مار سکے وفاق میں حکومت کے خاتمے کے بعد انکی صوبائی حکومت محض پروٹوکول کے نام پر وسائل کے ضیاع سے زیادہ کچھ نہیں ہوگی۔

گلگت بلتستان کو سی پیک کے ثمرات دینے کے بجائے ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے۔حکومت ٹیکس کے معاملے کو بھی آئینی کمیٹی کی طرح الجھا کر وقت گزاری میں مصروف ہے۔

وزیر اعظم کی جانب سے ٹیکس کے خاتمے کے اعلان کے دو ہفتے بعد بھی نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے سے لوگوں کے اس خدشے کو تقویت مل رہی ہے کہ یہ اعلان محض ایک ڈھونگ تھا۔ صوبائی حکومت کی عوامی مسائل میں عدم دلچسپی کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ کوئی بھی اہم ایشو احتجاج اور عوامی دباؤ کے بغیر حل نہیں ہوتا۔انکی نااہلی کا یہ عالم ہے کہ عوام اپنے کاروبار بند کر کے احتجاج کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

صوبائی حکومت کا شور خالی برتن کے زیادہ بجنے کے مصداق ہے۔اس حکومت نے گلگت بلتستان کے عوام کے جو قیمتی سال محض تنخواہیں اور مراعات لینے میں ضائع کئے ہیں انکا حساب دینا ہوگا۔پیپلز پارٹی پر تنقید کرنے والے اس حقیقت سے نظریں کیوں چراتے ہیں کہ گلگت بلتستان کی پہچان مرحلہ وار آئینی اصلاحات اور اختیارات کس کے مرہون منت ہیں۔

پیپلز پارٹی ٹیکسوں کے خلاف اور کسی بھی طرح کی زیادتی اور ناانصافی کے خلاف بھر پور احتجاج میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔پیپلز پارٹی ہر قیمت پر عوامی حقوق کا دفاع اور تحفظ کرے گی۔

 

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button