خبریں

سید ناصر شیزازی ایڈوکیٹ بازیاب نہ ہوا تو تخت لاہور کا گھیراو کریں گے، مجلس وحدت المسلمین گلگت بلتستان

سکردو(ایس ایس ناصری ) مجلس وحدت المسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی جنرل سکرٹیری نے کہا ہے کہ محب وطن اور قانون پسند رہنماء سید ناصر شیزازی ایڈوکیٹ کے اغوا میں رانا ثنا اللہ ملوث ہیں ، بازیاب نہ ہوا تو تخت لاہور کا گھیراور کریں گے۔ آئینی حقوق کے بغیر ٹیکس کا نفاز اور خالصہ سرکار کے نام پر ملکیتی زمینوں پر قبضے کے خلاف بھر پور مزاہمت کرینگے۔ پریس کلب سکردو میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ احمد علی نوری و دیگر رہنماوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کو تمام مکاتب فکر بلخصوص اہلسنت اور اہل تشیع نے ملکر حاصل کیا تا کہ تمام مسالک اپنی تعلیمات کے مطابق زندگی گزار سکیں اور یہ ایک اسلامی فلاحی ریاست ہو جہاں کے شہریوں کو بنیادی انسانی حقوق فراہم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ تکفیری عناصر کی مخالفت کے باوجود ایک طویل جدوجہد کے بعد قائد اعظم محمد علی جناح اور برصغیر کے مسلمانان وطن عزیز کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ نوزائدہ ملک ابتداء سے ہی طرح طرح کی اندرونی و بیرونی مشکلا ت کا شکار رہے۔ بانی پاکستان کا سایہ سر سے اٹھنے کے بعد ملک نئی بحرانوں میں داخل ہوگئے ۔ آئین سازی، مہاجرین کی آمد ، اداروں کی تشکیل، مالیاتی مسائل اور عالمی طاقتوں کی مداخلت کے سبب ملک شدید مسائل میں گھیرے ہوئے تھے۔ ایسے میں ریاستی اداروں کی ناقص اور کمزور خارجہ پالیسی اور عالمی طاقتوں کی مداخلت کے سبب ہمسایہ ممالک کو چھوڑ کر سات سمندر پار امریکہ سے دوستی کا ہاتھ بڑھایا جو کہ ایک سنگین غلطی تھی ۔ دوسری جانب ملکی سیاسی جماعتوں کی من مانی، ملک دشمن پالیسی، دشمن ملک بھارت کی ریشہ دوانیوں اور عالمی طاقتوں کی سازشوں اور ملک دشمن پالیسیوں کے سبب ملک کے دوحصے ہوگئے۔ بات یہں تک نہیں رکی بلکہ سن اسی کی دہائی میں امریکہ کی نیابتی جنگ میں پاکستان کو قربانی کا بکرا بنا کر افغانستان میں دھکیل دیا گیا۔ اس وطن کے بیٹوں نے اس وقت بھی اس ناپاک جنگ کی مخالفت کی۔ اس جنگ میں امریکہ کی خوشنودی کی خاطر ریاستی حساس اداروں تک جہادیوں اور تکفیری سوچ رکھنے والوں کو رسائی دی گئی انہیں ہیرو بنا کے پیش کیا گیا ۔ ضیاء الحق کی فرقہ وارانہ سوچ اور ملک دشمن پالیسی کا بویا ہوا وہی بیج آج تناور درخت کی صورت میں دہشتگردی کا پھل دے رہا رہے۔ آج ان قوتوں نے ملک کو لہو لہان کر دیا ہے اور انکے ہاتھوں آرمی ،پولیس، حساس ادارے، ریاستی ادارے، تعلیمی ادارے، عبادت گاہیں الغرض کچھ بھی محفوظ نہیں۔اب تک اسی ہزار قیمتی جانیں دہشتگردی کی نذر ہو چکی ہیں۔ اس فتنے کے خلاف جاری تمام آپریشن کی حمایت سب سے بڑھ کر ملت جعفریہ نے کی اور دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن کی اخلاقی پشت پناہی اب تک جاری رکھا ہوا ہے۔ جس کے نتیجے میں ہم اب تک پچیس ہزا ر کے قریب جنازے اٹھا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام یہ ہے کہ دہشتگردی کے خلاف سب سے زیادہ قیام کرنے والی ملت کو نہ صرف دیوار سے لگانے کی کوشش ہو رہی ہے بلکہ اداروں میں موجود مشکوک افراد دہشتگردی کے خلاف تحریک چلانے پر ہم سے انتقام بھی لے رہے ہیں۔ وفاقی حکومت اور موجودہ پنجاب و جی بی کی حکومت کی جانب سے سیاسی انتقام کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے۔ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاو ر کی ذمہ داری قبول کرنے والے احسان اللہ احسان کو تو ہیرو بنا کر پیش کرنے کی کوشش ہو رہی ہے لیکن دہشتگردی کے خلاف پورے وجود کے ساتھ وطن عزیز کی حفاظت میں کھڑے ہونے والے وطن کے بیٹوں کو دہشتگردوں کی ایماء پر اغوا کیا جا رہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ریاستی ادارے سیاسی جماعتوں بلخصوص نون لیگ کا آلہ کار بن کر اس ملک کو مزید نقصان پہنچانے کا باعث نہ بنے۔ ہم چاہتے ہیں کہ آئین پاکستان کی بالادستی ہو۔ ایک سیاسی و مذہبی جماعت کے معروف رہنماء ناصر عباس شیرازی کا ماورائے آئین و قانون اغوا نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

پنجاب حکومت اپنے آپ کو ریاست سمجھ رہی ہے۔ مودی کی کاروباری شراکت دار اور ملکی دولت کو لوٹنے والے اوچھے ہتھکنڈے پر اترآئی ہے۔ نون لیگ کے وزیر قانون نے دہشتگردوں کی ایماء پر ناصر شیرازی کو اغوا کیا ہے جو کہ آپریشن ردالفساد پر بھی سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ مذہبی سیاسی جماعت کے رہنماء کا اغواء مسلم لیگ نون کی کارستانی ہے۔ اگر پنجاب حکومت ناصر شیرازی کے اغواء میں ملوث نہیں ہے تو ان کی جبری گمشدگی ظاہر کرتی ہے کہ پورے صوبے میں انکی رٹ ختم ہوچکی ہے ایسے میں ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشتگردوں کی ہمنوا ء حکومت کو معزول کر کے ایسی حکومت سامنے لائی جائے جس میں شہریوں کی جان مال عزت و آبرو کا تحفظ یقینی ہو۔ اگر حکومت پنجاب اپنی حرکت سے باز نہیں آتی تو حکومت گراو تحریک چلانے پر مجبور ہوکر تخت لاہور کی طرف روانہ ہونگے۔ ناصر شیرازی جیسی محب وطن ، اتحاد بین المسلمین کی داعی، پاکستان کی نظریاتی و فکری سرحدوں کی محافظ شخصیت کو اغواء کر کے حکومت چاہتی ہے کہ ملک کے امن و امان کی صورتحال خراب ہو اور ملت جعفریہ کا تصادم ریاستی اداروں کے ساتھ ہو۔ یہ بات واضح ہے کہ ناصر شیرازی اس وقت کہاں ہے ، حساس اداروں کو معلوم ہے کیونکہ ریاست کے حساس ادارے دنیا کے بہترین اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ ایک اہم شخصیت موبائل فون سمیت لاہور کی معروف شاہراہ سے اٹھائی جاتی ہے اور انکو مخفی رکھنے والی جگہوں کا علم نہ ہو ممکن نہیں۔اگر انہیں معلوم نہ ہو تو یہ خود حساس اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اور افسوسناک ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سا لمیت کے لیے بھی انتہائی تشویشناک ہے۔

انہوں نے پاکستان آرمی کے سربراہ اور عدالت عظمیٰ کے سربراہ سے بھی مطالبہ کرتیہوئے کہا کہ ناصر شیرازی سمیت دیگر جبری گمشدگان کے معاملے پر فوری نوٹس لیتے ہوئے انہیں بازیاب کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

 

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button