خبریںسیاست

سپیکرکی جلد بازی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کا قانون پاس کرنے سے فرقہ واریت کی بو آتی ہے، جمعیت علماء اسلام

گلگت(پ ر) سیکریٹری اطلاعات جمعیت علماء اسلام مولانا رحمت اللہ سراجی اور نائب امیر حاجی محمد یوسف نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ حاجی شاہ بیگ اپوزیشن لیڈر کا کردار بہترین انداز میں ادا کررہے ہیں وہ ایک سلجھے ہوئے پارلیمنٹیرئین اور سینئر سیاسی لیڈر ہیں۔اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے اپنے ذمہ داریوں کو خوب سمجھتے ہیں۔وہ حکومت کی ظلم و ناانصافی کی اصلاح اور کرپشن و اقربا پروری کی روک تھام کیلئے اسمبلی کے اندر اور باہر ہر فورم میں اپنا پارلیمانی اور جمہوری کردار نبھا رہے ہیں اور مہذبانہ اور پارلیمانی انداز میں حکومت اور وزراء پر تنقید کرنے سے نہیں چونکتے ہیں۔وہ مضبوط اپوزیشن لیڈر ہے۔ میثاق جمہوریت اور این آر او کی آڑ میں گزشتہ دس سال سے اب تک فرینڈلی اپوزیشن کا کردار ادا کرنے والے اپنے ماضی پر بھی ذرا غور کریں۔انھوں نے کہا کہ اگر مضبوط اپوزیشن لیڈر سے مراد صرف اور صرف اچھل کود کرنا، آستینیں چڑھا کر کسی کی ذات پر حملہ کرنا ،پارلیمانی اور حدود کو پامال کرنا ،پگڑیاں اچھالنا ذاتیات پر حملہ کرنا اور گالی گلوچ دینا ہی ہے تو جمعیت علماء اسلام کے معزز رکن اور اپوزیشن لیڈر سے ممکن نہیں ہے۔ کیونکہ حاجی شاہ بیگ اپوزیشن لیڈر علماء حق کی نمائندہ اور انبیاء کی وارث جماعت جمعیت علماء اسلام کا رکن ہے۔

انھوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر ناشاد کا نہایت ہی عجلت اور جلد بازی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کا قانون پاس کرنا بدنیتی پر مبنی ہے۔اس سے شکوک و شہبات پیدا ہونا لازمی ہے۔اس سے فرقہ واریت کی بو آتی ہے۔سپیکر نے اپنے من پسند شخص کو نوازنے کیلئے قانون کی دھجیاں اڑائی ہے جو انتہائی قابل افسوس ہے۔ سپیکر پورے ایوان کا نمائندہ ہوتا ہے کسی خاص فرقے یا جماعت کا نہیں۔ انھوں نے اپوزیشن اراکین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد کو سبوتاژ کرنے ،اصل مسائل سے توجہ ہٹانے اور خطے کے امن و امان کو خراب کرنے والے عناصر سے ہوشیار رہے۔اور اپنے مثالی اتحاد کے ذریعے ان کے عزائم کو خاک کو خاک میں ملادے۔تنازعات کو ہوا دینے کے بجائے موجود اپوزیشن لیڈر کا ہاتھ مضبوط کرے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button