خبریں

ماڈل ویلیج کے قیام نہ ہونے سےمتاثرین ڈیم میں سخت تشویش پائی جاتی ہے، متاثرین دیامر بھاشہ ڈیم کمیٹی

چلاس (شہاب الدین غوری ) متاثرین دیامر بھاشہ ڈیم کمیٹی نے کہا ہے کہ حکومت نے متاثرین دیامر بھاشہ ڈیم کی قربانیوں کو یکسر نظرانداز کیا ہے جو انتہائی تشویشناک اور ملک دشمن اقدام ہے۔ ماڈل ویلیج کے قیام نہ ہونے کے باعث متاثرین میں سخت قسم کی تشویش پائی جاتی ہے۔ نئی آباد کاری کے لئے متاثرین دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں اور حکومت کو احساس تک نہیں ۔۔۔۔کیا متاثرین ڈیم حکومت کی ان اقدامات کو ڈیم سے دستبرداری سمجھے اور اپنی آباد کاری خود سے شروع کریں؟

دیامر پریس کلب میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے اظہارخیال کرتے ہوئے ڈیم کمیٹی کے رہنماؤں مولانا محمد صادق ، عطاءاللہ ، جمشید ، نجیب اللہ ، جلال ، محمد شفیق ، ایوب نمبردار ، بشیر نمبردار ، جمعہ خان ، عبید نمبردار ، صبور ، راج بیگ ، مولانا عبدالرحمن ، مولانا غیاث الدین ، ولایت نور ، و دیگر نے کہا کہ حکومت نے اگر ہمارے جائز مطالبات پورے نہیں کئے تو ہم تحریک چلانے پر مجبور ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد معاہدے کے تحت متاثرین دیامر بھاشہ ڈیم کا از سرنو ری سٹیلمینٹ کیا جائے ، متاثرین کے پہلے سے منتخب شدہ گھرانوں کے سروے دوبارہ کیا جائے ۔ہر شادی شدہ جوڑے کو مستقل گھرانہ تقسیم کیا جائے ۔۔۔اسلام آباد معاہدے کے مطابق متاثرین کو ملازمتوں میں ترجیح دیا جائے، نیا سڑک تعمیر کرنے سے قبل متاثرین کے ساتھ بیٹھ کر معاوضہ تعین کیا جائے۔ متاثرین ڈیم کے ملکیتی حقوق تربیلا اور منگلا ڈیم کے مطابق بحال کیا جائے نیز ڈیم کے پانی کا لیول کم ہونے کی صورت میں متاثرین خود کاشت اور تصرف کرنے کے حقدار ہونگے۔ چلاس سرکل ( کھنبری ، تھور ، ہوڈر اور تھلپن ) متاثرین کو مختص شدہ ماڈل ویلج ہرپن داس ، اور تھک داس میں برابری کے بنیاد پر بسایا جائے اور ساتھ رہائشی پلاٹ اور زرعی پلاٹ ایک جگہ پر دیا جائے اور گوہر آباد کے عوام کو ان کے مرضی کے مطابق پلاٹ دئیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور واپڈا کا ادارہ 2007 سے آج تک متاثرین کے ساتھ کئے گئے معاہدے کو مکمل نظرانداز کرتے چلے آئے ہیں ۔۔انہوں نے کہا کہ اہلیان دیامر کی قربانیوں کو نظرانداز کرنے کا نتیجہ بھیانک نکلیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button