اہم ترینسیاست

اسلامی تحریک کے سابق جنرل سیکریڑی ضلع گلگت شیخ فداحسین ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے

گلگت( پ۔ر) اسلامی تحریک کے سابق جنرل سیکریڑی ضلع گلگت شیخ فداحسین ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے۔ کیمپ آفس میں منقعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر امجد حسین ایڈوکیٹ نے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں اپوزیشن میں ہونے کے باوجود سیاسی اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے اہم شخصیات کی پارٹی میں شمولیت خوش آئید ہے۔ پیپلز پارٹی بھٹو کے ویژن پر گامزن ہے جس کی بناء پر لوگ آج جوق در جوق پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں جس سے ہمیں یقین ہو رہا ہے کہ پارٹی گلگت بلتستان میں صیح سمیت میں گامزن ہے ۔ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے مسلم امہ کو یکجا کیا اور ملک میں عوام کی جتنی خدمت قائد عوام نے کی اتنی کسی بھی شخصیات نے نہیں کی۔ پیپلز پارٹی نے ملک میں اپنی سیاسی دکان چمکانے کے لئے اسلام کو کبھی استعمال نہیں کیا بلکہ اسلام کی سربلندی کے لئے سیاست کی ۔ ہمیں اپنے مشترکہ مفادات کے لئے یکجاہونا ہو گا ۔

انہو ں نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی گلگت بلتستان ایک تحریک کو لیکر میدان عمل میں ہے جس کا مقصد گلگت بلتستان کے بکھرے ہوئے عوام کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا تھا اور عوام کی طرف سے بھرپور پذیرائی ہی ہماری جیت کا سبب بنے گا ۔ حق ملکیت اور حق حاکمیت کی وجہ سے گلگت بلتستان کے عوام متفقہ طور پر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوئے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ سرمایہ دار طبقے کے لئے کام کیا اور گلگت بلتستان میں شہباز شریف کے کرتوت کو حفیظ الرحمن نے پھیلایا۔ سرمایہ دار طبقے کو تخفظ کرنے کا مقصد اپنا حصہ لینا تھا ۔غریب عوام کے لئے ن لیگ نے ایک بھی عوامی نوعیت کا کام نہیں کیا ایک مخصوص طبقے کو نوازنے کا سلسہ جاری ہے جب کہ گلگت بلتستان کے غریب عوام کی ترقی کے لئے ایک پیسہ خرچ نہیں کیا گیا۔ جس سیکڑ میں بھی پیسے خرچ ہوتے ہیں اس میں ان کا حصہ ہوتا ہے ن لیگ ٹھیکداروں کی حکومت بنی ہے ۔ گلگت بلتستان میں عوام کے ساتھ جو ظلم ہو رہی ہے اس پر پیپلز پارٹی کبھی خاموشی اختیار نہیں کرے گی۔ ن لیگ کا شیرازہ بکھررہا ہے یہ لوگ اپنے انجام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ بھٹو نے عوام کے لئے اپنی جان کی قربانی دی مگر اصولوں پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ 2018میں پیپلز پارٹی کا سورج ایک دفعہ پھر طلوح ہو گا اور غریبوں کو ان کا حق ملے گا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے تحریک اسلامی کے سابق جنرل سیکریڑی ضلع گلگت شیخ فدا حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک ملک گیر جماعت ہے اور گلگت بلتستان میں نوجوان قیادت نے حق ملکیت اور حق حاکمیت کے نام پر جو تحریک شروع کی ہے اس تحریک کو کا میاب کرنے کے لئے نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔ انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت سے پیپلز پارٹی کی سابق حکومت ہزار گنا بہتر تھی ۔ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے لئے صرف پیپلز پارٹی ہی نے کام کیا ہے اور آئندہ بھی عوام کو پیپلز پارٹی ہی سے توقع ہے کہ وہ خطے کے عوام کو ان کے حقوق دیں گئی ۔ اب خطے کے نوجوانوں کو پیپلز پارٹی میں شامل ہو کر نوجوان قیادت کے ساتھ ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ نوجوان اپنی توانیاں دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں میں صرف کی بجائے پیپلز پارٹی میں شامل ہو کر کریں تو ہمیں ہمارے حقوق ملیں گے۔

اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریڑی انجئیر محمد اسماعیل اور صوبائی سینئر نائب صدر جمیل احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ فدا حسین اور دیگر ساتھیوں کا پیپلز پارٹی میں شامل ہونا علاقے کے لئے نیک شگون ہے۔ ان کی شمولیت سے پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں مزید فعال اور مستحکم ہو گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علما و مشائح ونگ گلگت بلتستان کے صوبائی صدر آغا بلال نے کہا کہ شیخ فدا حسین جیسے شخصیات کی پیپلز پارٹی میں شمولیت صوبائی قیادت کی فتح ہے۔ عوام کا رجحان پیپلز پارٹی کی طرف مائل ہونا شروع ہو چکا ہے بہت جلد دیگر جماعتوں سے مزید اہم شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل ہونگے ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button