اہم ترینشعر و ادب

گلگت بلتستان کی مقامی زبانوں کے رسم الخط اور اضافی اصوات پر ماہرین میں اتفاقِ رائے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، ظفر وقار تاج چیئر مین صوبائی نصاب ساز کمیٹی برائے مقامی زبانیں

گلگت (پ ر ) گلگت بلتستان کی مقامی زبانوں کے رسم الخط اور اضافی اصوات پر ماہرین میں اتفاقِ رائے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اِس ضمن میں نصاب ساز کمیٹی میں شامل مقامی قلم کاروں ، ادبا اور ماہرینِ لسانیات کی انتھک محنت اور لچک کا مظاہرہ نہ صرف قابلِ ستائش ہے بلکہ قابلِ تقلید بھی ہے۔ اِن خیالات کا اظہار سیکریٹری پانی و بجلی/ چیئر مین صوبائی نصاب ساز کمیٹی برائے مقامی زبانیں ظفر وقار تاج نے گلگت بلتستان حکو مت اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے گلگت بلتستان کی مقامی زبانوں کے ماہرین کے لیے ’’ نظامِ لکھائی پڑھائی Orthrography ‘‘ کے موضوع پر کے آئی یو گلگت میں منعقدہ تین روزہ تربیّتی ورکشاپ میں کیا۔

اِ س تربیتی ورکشاپ میں گلگت بلتستان کی چار مقامی زبانوں شینا، بروشسکی ، کھوار اور وخی کے پچّیس ماہرین نے شرکت کی۔ جس میں فورم فار لینگویج انیشیٹیو، FLI اسلام آباد کے ماہرینِ لسانیات نسیم حیدر، زمان ساغر، زبیر توروالی اور امیر حیدر نے سہولت کاری کے فرائض سر انجام دیئے جبکہ عبدالصبور نے اُن کی معاونت کی۔

تربیتی ورکشاپ میں رسم الخط، حروفِ تہجی، اضافی اصوات، مصوّتے اور مصمّتے وغیرہ پر فنّی و لسانی اعتبار سے سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ شینا، بروشسکی اور وخی کے شریک ماہرین مذکورہ فنّی امور پر مکمل طور پر متّفق ہوئے اور اپنے دستخط ثبت کیے جبکہ کھوار زبان کے ماہرین چند اختلافات کے باعث متّفق نہیں ہو سکے جس پر ظفر وقار تاج صاحب نے یہ مسئلہ گلگت بلتستان حکومت کی کابینہ میں لے جانے کا فیصلہ کیا تاکہ کوئی حل تلاش کیا جا سکے۔ بلتی زبان کے ماہرین سے جلد اس معاملے پر گفت و شنید کی جائے گی۔

تربیتی ورکشاپ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کلچر گلگت بلتستان سلمان پارس نے خصوصی شرکت کی۔ واضح رہے کہ اِن کاوشوں کے نتیجے میں گلگت بلتستان کی مقامی زبانوں میں پہلے مرحلے میں سکولوں میں درس و تدریس کے لیے قاعدے مرتّب کیے جارہے ہیں۔

ورکشاپ میں شریک ماہرین نے گلگت بلتستان حکومت، مقامی انتظامیہ بالخصوص ظفر وقار تاج صاحب کی اس سلسلے میں بروئے کار لائی جانے والی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ اِس موقع پر ظفر وقار تاج نے نصاب سازی کے اس عمل میں غیر معمولی کردار ادا کرنے پر مقامی ماہرین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کے آئی یو کے ڈپارٹمنٹ آف ماڈرن لینگویجز کے ذمہ داران کی جانب سے تعاون پر اُ ن کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button