ثقافت

چترال میں رائج کھوار رسم الخط بغیر کسی تبدیلی کے گلگت بلتستان میں بھی اپنایا جائے، مقررین

گلگت(سٹاف رپورٹر)کھوار زبان کی ترقی و ترویج اور اس کی تحفظ کے حوالے سے گاہکو چ میں ایک اہم کانفرنس کا انعقا د ہوا ۔کانفرنس میں غذر کے مختلف ادبی و سماجی تنظیموں کے عہدیداروں اور نمائندوں نے شرکت کی ۔ان میں احباب سخن کھوار اشکومن ،بزم ترقی کھوار غذر،گوپس یوتھ ویلفےئر ایسوسی ایشن کے ادبی ونگ ،شندور کھوار آرٹس کونسل پھنڈر اور چھشی یوتھ ویلفیئر آرگنائزیشن اور کھوار ادبی تنظیم کے نام قابل ذکر ہیں ۔اجلاس میں کھوار زبان کی ترقی و ترویج اور اس کی تحفظ کے حوالے سے تفصیلی گفت و شنید ہوئی ۔اجلاس میں متفقہ طور پر شرکاء کانفرنس نے باہمی اتفاق رائے اور مشاورت سے ایک قرار داد منظور کیا ۔قرارداد کا متن حسب ذیل ہیں ۔کھوار زبان کی حروف تہجی ،کھوار کے مخصوصی اضافی اصوات اور کھوار کے حروف علت پر مشتمل قاعدہ 1921ء میں مہتر چترال شہزادہ ناصر الملک نے مرتب کیا ہے بعد میں آنے والے کھوار کے تما م لکھاریوں نے مذکورہ قاعدہ کو رہنما اصول کے طور پر بنیاد بنا کر کھوار کے تحریری عمل کو آگے بڑھایا ہے ۔لہذا یہ کانفرنس صوبائی حکومت کی طرف سے مقررہ کردہ نصاب ساز کمیٹی میں کھوار زبان کے نمائندوں کو انتہائی سختی سے ہدایت جاری کرتا ہے کہ وہ گلگت بلتستان میں بھی کھوار کے لئے نصاب سازی کے دوران 1921ء میں شہزادہ ناصر الملک کے مرتب کردہ قاعدہ کے حروف تہجی خصوصاً کھوار کے 6 زائد اضافی اصوات کو من و عن اپنانے کے پابند رہیں گے ۔کھوار حروف تہجی میں تبدیل تو کُجا تبدیلی کی سوچ کو کھوار زبان کے خلاف بد ترین سازش تصور کیا جائے گا ۔شرکاء کانفرنس نے متفقہ مشاورتی عمل کے بعد ریٹائرڈ پروفیسر زرنذیر کی سرپرستی میں ’’کور کمیٹی برائے کھوار نصاب سازی‘‘ کا قیام عمل میں لایا ۔اس کمیٹی میں غذر کے کھوار بیلٹ میں واقع تمام تحصیلوں کو برابر نمائندگی دی گئی ۔مذکورہ کور کمیٹی برائے نصاب سازی’’گلگت بلتستان کے مقامی زبانوں کی ترقی و ترویج کیلئے قائم کمیٹی میں کھوارکے نمائندوں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ وقتا فوقتا ان کی تیکنیکی معاونت بھی کریگی اور ان کے کام کا جائزہ بھی لے گی ۔گلگت بلتستان کے مقامی زبانوں کی نصاب ساز کمیٹی میں شامل کھوار کے نمائندے مذکورہ کور کمیٹی برائے کھوار نصاب سازی سے مشاورت کے پابند ہونگے ۔اجلاس میں پروفیسر زرنذیر ،صدر احباب سخن کھوار عاشق حسین ،موسیٰ مدد ،ممبر انجمن ترقی کھوار چترال شیر افضل ،جنرل سیکریٹری بزم ترقی کھوار غذر زاہد ولی کے علاوہ کھوار زبان کے نامور شاعر و گلوکار ممتاز علی انداز اور رحمت علی نے بھی خطاب کیا ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button