خبریں

ڈپٹی کمشنر نگر کا تلو غوٹم میں10 ہزار فٹ کی بلندی پر موجود کمیونٹی کنٹرول فاریسٹ ایریا کا دورہ

 نگر (نمائندہ خصوصی )مطابق ہفتہ کے روز ڈپٹی کمشنر نگر نوید احمد نے عوامی دعوت پرتلو غوٹم میں 10ہزار فٹ کی بلندی پر موجود کمیونٹی کنٹرول فاریسٹ ایریا کا دورہ کیا اور وہاں پر کمیونٹی کیطرف سے لگائے گئے درختوں کی مختلف اقسام کا معائنہ کرنے کیساتھ ساتھ عوامی مسائل بھی سنے۔ تلو غوٹم میں مقامی آبادی کیطرف سے لگائے گئے جنگل اور اسکی دیکھ بھال کرنے پر ڈپٹی کمشنر نے پوری کمیونٹی کو مبارک باد پیش کی اور ان کے اس کام کو صدقہ جاریہ قرار دیا۔ مقامی آبادی کا ڈپٹی کمشنر کو جنگل کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انھوں نے کمیونٹی میں طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت گزشتہ کئی سالوں سے جنگل کی کٹائی پر پابندی عائد کی ہوئی ہے اور کسی بھی مقامی شخص کیطرف سے خلاف ورزی کرنے پر اس پر بھاری جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جنگل کے تحفظ کو یقینی بنا کر اپنے علاقے میں سیاحت کے فروغ اور وائلڈ لائف کا تحفظ ممکن بنانا چاہتے ہیں تاکہ انکو حاصل ہونے والی آمدن سے وہ اپنے علاقے کی ترقی کاعمل ممکن بنا سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سالوں سے جنگل کی کٹائی نا ہونے کی وجہ سے یہاں پر جنگلی حیات میں کافی زیادہ اضافہ ہوا ہے جو کہ ان کے لیے خوشی کا باعث ہے۔ڈپٹی کمشنر کو پنے مسائل کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہاں پر روڈ کے نا ہونے کی وجہ سے انھیں شدید دشواری کا سامنا رہتا ہے اور بچوں کو سکول جانے میں کافی دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، اگر سرکار یہاں روڈ بنوا دے تو ان کے لیئے کافی زیادہ آسانی ہو سکتی ہے۔ مزید برآں ان کا کہنا تھا ان کا واٹر چینل بھی ڈیزاسٹر کی وجہ سے تباہ ہوچکا ہے جسکی مرمت درکار ہے اور اس حوالے سے انتظامیہ ان سے تعاون کرے۔ دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نگر کا عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انھیں انتہائی خوشی ہے کہ وہ ایک ایسے علاقے میں موجود ہیں جو جنگلات کی اہمیت سے بحوبی واقف ہیں اور وہ انھیں اس سمجھ بوجھ رکھنے پر مبارک باد اور سلام پیش کرتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بہت جلد ایک تقریب کا انعقاد کر کے علاقے کے بڑوں کو تعریفی اسناد سے نوازیں گے تاکہ انکی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ وہ پوری پوری کوشش کریں گے کہ علاقے کے لیئے روڈ کی تعمیر ممکن بنائی جا سکے اور واٹر چینل کی مرمت کے حوالے سے سوموار کو ہی اپنی ٹیم ایسٹیمیٹ بنانے کے لیئے روانہ کریں گے تاکہ جلد از جلد اسکی مرمت یقینی بنائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر کے تلوغوٹم جیسے پسماندہ علاقے کا دورہ کرنے پر وہاں پر موجود مقامی آبادی کا کہنا تھا کہ وہ انکا جتنا شکریہ ادا کریں کم ہے۔ وہ تاریخ کے پہلے ڈپٹی کمشنر ہیں جو انکے مسائل کے حل کے حوالے سے راستہ نا ہونے کے باوجود میلوں پیدل چل کر انکے پاس آئے ہیں جس پر پوری آبادی انکی مشکور ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پر امید ہیں کہ ڈپٹی کمشنر نگر انکے مسائل کے حوالے سے بہت جلد پیشرفت عمل میں لائیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button