تعلیم

سٹی سکول اینڈ ڈگری کالج نومل میں‌تقسیم انعامات کی سالانہ تقریب منعقد

گلگت( پ ر) سٹی گرائمر سکول اینڈ ڈگری کالج نومل کیمپس میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق امیدوار حلقہ 1حاجی جوہر علی جبکہ تقریب کے میر محفل صوبائی نائب صدر پی ٹی آئی جی بی پروفیسر اجمل حسین تھے ۔ تقریب میں تنظیم حیدریہ نومل ، آئی ایس او نومل یونٹ کے زمہ داران سمیت بڑی تعداد میں سماجی شخصیات طلبہ و طالبات اور والدین نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اجمل حسین نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیاں خوش آئند ہیں۔ شخصیت سازی اور کردار سازی کسی بھی فرد خصوصاً طالبعلم کی زندگی میں اہمیت رکھتی ہیں۔ پیدائش سے لیکر ایک اچھے انسان بننے کے لئے مختلف مراحل سے گزرنا پڑتا ہے ایک بچے کی شخصیت سازی میں تین چیزیں اہمیت رکھتی ہیں معاشرہ ،تعلیم اور والدین ۔یہ تینوں عناصر اپنے مخصوص شرح کے ساتھ اثر رکھتی ہیں۔ تعلیم کا تناسب زیادہ ہے مگر تعلیم میں والدین کاکردار ناقابل فراموش ہے ۔ ہمارے معاشرے میں گھر کے اندر اس بات پر توجہ ہی نہیں دی جاتی ہے کہ بچوں کے سامنے کس قسم کی گفتگو کرنی چاہئے اور کس قسم کی گفتگو سے پرہیز کرنا چاہئے ۔ گلگت بلتستان میں تعلیمی شرح ملک کے دیگر صوبوں سے بہتر اور زیادہ ہے مگر اس میں معیار کی کمی ہے ۔ تعلیمی اداروں میں جدید ضروریات اور تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے تعلیم و تربیت کرنے کی ضرورت ہے ۔ماضی میں معمولی تعلیم کے حامل افراد بھی معاشرے میں بامقام ہوتے تھے لیکن اب تقاضے تبدیل ہوگئے ہیں اب نہ صرف اعلیٰ تعلیم کی ضرورت ہے بلکہ معیاری تعلیم کی بھی انتہائی ضرورت ہے ۔ نومل کا علاقہ پسماندہ ہے مگر یہاں کے بچوں میں صلاحیتیں کسی سے کم نہیں ہیں۔ سٹی گرائمرسکول اینڈ ڈگری کالج کے اساتذہ اور اس کی منیجمنٹ کی کاوشیں قابل تحسین ہے ۔ اس موقع پر سابق امیدوار حلقہ 1حاجی جوہر علی نے کہا کہ تعلیم تبدیلی کا سبب ہوتا ہے کوئی بھی معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا ہے ۔ نومل کے عوام کو آج تک باصلاحیت اور مخلص قیادت نہیں ملی ہے جس کی وجہ سے یہاں پر مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں تعلیمی حوالے سے بھی نومل بہت پیچھے ہے لیکن نجی تعلیمی اداروں نے تعلیم کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا ہے جس کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ بچوں کی تربیت میں والدین کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ماضی کے روایتی انداز کو اب بدلنا ہوگا۔ اس موقع پر سٹی گرائمر سکو ل اینڈ ڈگری کالج نومل کے پرنسپل واجد علی واحدی ، دی سمارٹ سکولز کے ریجنل ہیڈ سلطان ، سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا اور طلبہ و طالبات کو تعلیم کے حصول پر زور دیا انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ کم از کم ہفتہ وار بنیادوں پر سکول سے اپنے بچوں کی رپورٹ حاصل کریں اور گھرمیں بھرپور توجہ دیں۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔ جبکہ طالبعلم اشفاق نے حمد ، بریر نے نعت پڑھنے کا شرف حاصل کرلیا۔ اس موقع پر مہمانوں کے لئے ویلکم آئٹم، والدین کی شان میں نغمہ ، ملی نغمے اور ثقافتی رقص پیش کرکے پرائمری کے طلبہ و طالبات نے خوب داد سمیٹی۔ اس موقع پر سالانہ نتائج کا اعلان بھی کردیا گیا جس کے مطابق طالبعلم علی مہدی ولد ولایت حسین 99فیصد نمبرات کے ساتھ سکول سطح پر پہلی نمبر پر آگئے ۔ طالبعلم علی مہدی کے والدہ اور والد دونوں ناخواندہ ہیں اس کے باوجود نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر شرکاء نے والدین کو آفرین پیش کیا۔
Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button