کھیل

نگر: 14 اپریل کوگلگت بلتستان والی بال لیگ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوگی

نگر ( اقبال راجوا) نگر کا اصل چہرہ، ثقافتی ورثہ ،خوبصورت قدرتی مناظر اور پر امن ماحول کو گلگت بلتستان ،پاکستان اور دنیا بھر میں والی بال لیگ کے اس ایونٹ کے ذریعے دکھایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نگر نوید احمد کا نگر میں منعقد ہونے والے ایونٹ کےبارے میں میڈیا سے خصوصی بات چیت اور گلگت بلتستان میں پہلی بار ایک انٹرنیشنل سطح کے کسی والی بال اسٹیڈئیم میں ہونے والے گلگت بلتستان بین الاضلاعی والی بال لیگ کے انعقاد اور تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو۔

ڈپٹی کمشنر نگر نے بتایا کہ 14 اپریل کواس ایونٹ کا آغازز ہو گا۔ ایونٹ کے افتتاحی تقریب میں امید ہے چیف سیکریٹری اور فورس کمانڈر بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ انہوں نے ایونٹ کی تیاریوں اور تمام تر اضلاع سے آنے والی ٹیموں کے لئے رہائش اور کھانے پینے سمیت دیگر سہولیات کےبارے میں بتایا کہ تمام کھلا ڑیوں کو رہائش اور کھانا فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جو والی بال اسٹیڈئیم کے آس پاس میں بہترین قسم کے ماحول میں بندوبست کیا گیا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ راکا پوشی ویو پوائنٹ پر تین روزہ جشن بہاراں میلہ لگا دیا جائے گا جس میں ضلع نگر کے روایتی تہذیب و تمدن کے عملی اظہار سمیت مختلف روایتی اسٹالز قائم کئے جائیں گے۔ان اسٹال میں مقامی دستکاری،مقامی صنعت کاری کے طور طریقے،چوبہ تراشی اور مقامی آرٹیزان کے تیار کردہ اشیاء کے سٹال شرکاء کو دیکھنے کو ملیں گے۔

گلگت بلتستان والی بال لیگ کے افتتاحی تقریب میں اسماعیلی بینڈ سلامی پیش کریں گے جبکہ اسٹیدئیم سے باہر مشرقی اور شمال جنوبی سمیت بلندی پر شائقین کے لئے 2 بڑے LED سکرین نصب کئے جائیں گے۔

افتتاحی تقریب میں مہمانوں اور نگر کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد کو سوئینیر اور یاد گاری شیلڈز پیش کئے جائیں گے۔ اسٹیدئیم کے انکلوژر ز کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے،ایک حصہ غیر ملکی مہمانوں کے لئے جبکہ اس کے برابر میں اندرون ملک سے آنے والے مہمان سیاحوں اور ان کی فیملیز کو،اس کے بعد سرکاری مہمانوں کو جبکہ دوسرے سرے پر کوریج پر آنے والی میڈیا ٹیم کو مختص کیا گیا ہے۔ پارکنگ کے لئے خصوصی جگہ بنائی جاچکی ہے جبکہ اسٹیدئیم میں 5ہزار تک تماشائیوں کے لئے تین اطراف میں پویلین بھی تعمیر کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان کی تاریخ میں بننے والے اس انٹرنیشنل سٹینڈر ڈ کے والی بال سٹیدئیم کے لئے دن رات محنت کی گئی ہے مقامی اور ملک کے دیگر صوبوں سے بھی انفرادی طور پر دس لاکھ سے زائد رقم بطورامداد ملی ہے جبکہ ضلعی اداروں سے بھی مدد لی جارہی ہے۔ والی بال ایونٹ میں ناک آؤٹ بنیاد پر کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ضلع نگر کی 2ٹیمیں ہیں جبکہ دیگر اضلاع سے ایک ایک اور کل 11ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نگر نے بتایا کہ جی بی میں عام طور پر دیامر اور نگرکے بارے میں ایک عام تاثر پایا جاتا ہے جس کا ذکر میرے نگر آنے سے پہلے ہی مجھے بتایا گیا تھا کہ نگر کے لوگ سماجیت پسند نہیں ہیں جو کہ میرے نگر آنے کے بعد غلط اور بے بنیاد نظر آیا۔ نگر میں لوگ ،سب سے زیادہ مہمان نواز،ملنسار اور سماجی طور طریقوں میں بہترین ہیں ۔ مجھے نگر میں کہیں کسی بھی جگہ اس تاثر بارے میں کوئی معمولی سا بھی شائبہ تک نہ ہوا۔ اب نگر کے اس خوبصورت چہرے ، نگر کے بے انتہا خوبصورت سیاحتی مقامات ،شاندار روایات اور ثقافت کے اظہار کے زریعے نگر سے غربت کے خاتمے اور نگر بارے میں دیگر علاقوں میں بے بنیاد بدنامی کے پروپیگنڈے کا خاتمہ کرنا ہے ۔ اس سلسلے میں گلگت بلتستان والی لیگ کا پہلا سرکاری ٹورنامنٹ بہت بڑا کردار ادا کرے گا۔

اسٹیڈئیم کی تزئین و آرئیش کا کام 99فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔ مفت میں اسٹیڈئیم کے لئے زمین فراہم کرنے والے بزرگ شہری کو سوینئیر پیش کیا جائے گا جبکہ اس کے شہید فرزند ارشاد حسین کے نام سے اس اسٹیڈئیم کو منصوب کر کے اسٹیڈئیم کا نام شہید ارشاد حسین والی بال اسٹیڈئیم رکھا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب میں نگر کے روایتی تلوار ڈانس بھی خصوصی طور پر پیش کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نگر نوید احمد نے عوام نگر بالخصوص نگر کے نوجوانوں سے اپیل کیا ہے کہ اس مہم کی بہترین کامیابی کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے اور نگر کے ملائم چہرے اور بہترین ثقافت کو دنیا بھر میں اجا گر کرنے کے لئے کردار ادا کیا جائے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button