تعلیم

کالجز کے اساتذہ کی استعداد کاری کے لئے تربیتی ورکشاپ منعقد

گلگت (پ ر) گلگت بلتستان کے کالجز میں معیارِ تعلیم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ تعلیم کا بنیادی مقصد شخصیّت سازی کرنا، مقصدِ حیات کو سمجھنا، اعلیٰ اخلاقی اقدار کو پروان چڑھانا اور حُبُ الوطنی کی آبیاری کرنا ہے ۔ اِن خیالات کا اظہار سیکریٹری تعلیم خادم حسین سلیم نے گلگت بلتستان کے گورنمنٹ کالجز کے تمام پرنسپلز اور پروفیسرز کے لئے منعقدہ تربیتی ورکشاپ بعنونِ ’’ کوالٹی ایجوکیشن‘‘ میں بحیثیتِ مہمانِ خصوصی تقریر کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے پرنسپلز اور پروفیسرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ معاشرے کی سب سے ذمہ دار شخصیات ہیں ۔ معاشرے میں آپ کی حیثیّت بہت اعلیٰ اور ارفع ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ مذید دردِ دل اور مشنری اپروچ کے ساتھ درس و تدریس کے عمل کو آگے بڑھائیں ۔ آپ سب اپنی بنیادی ذمہ داری پر توجہ مرکوز کریں نہ کہ ثانوی ذمہ داری پر۔ خادم حسین سلیم نے اس موقع پر پروفیسرز کے جملہ مسائل جیسے پروموشن کا مسئلہ، پی سی ۔ فور کا مسئلہ اور دیگر جملہ مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اس تربیتی ورکشاپ کے اثرات اور فوائد دُور رس ہونے چایئے کیونکہ اس میں وسائل استعمال کیے گیے ہیں اور ایک قابل ماسٹر ٹرینر نور محمد کو اس ٹریننگ کے انعقاد کے لیے چُنا گیا ہے۔ سیکریٹری تعلیم نے تربیتی ورکشاپ کو معیاری انداز میں منعقد کرنے پر تمام مُنتظمین کے کلیدی کردار کو سراہا۔ قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن کالجز پروفیسر عبد الرؤف نے شرکائے ورکشاپ کو خوش آمدید کہا۔

تربیتی ورکشاپ سے ڈائریکٹر ایجوکیشن (کالجز) پروفیسر منظور کریم نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری تعلیم کی اس ورکشاپ میں شرکت باعثِ صد افتخار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے کالجز کی چالیس سالہ تاریخ میں پہلی بار کالجز کے اساتذئے کرام کے لیے اس قسم کی پیشہ ورانہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ہے جسے آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ ڈائریکٹر ایجوکیشن (کالجز) نے کہا کہ وزیٹنگ فیکلٹی اور SPS فیکلٹی کی تقرری عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ اس سے کالجز میں اساتذہ کی کمی کو دُور کرنے میں مدد ملے گی اور معیارِ تعلیم کو مذید جِلا بخشا جا سکے گا۔

اس موقع پر گلگت بلتستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسو سی ایشن کے صدر پروفیسر ارشاد احمد شاہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے مُنتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کالجز کے فیکلٹی ممبرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرنے پر زور دیا۔ پروفیسر ایسو سی ایشن کے سابق صدر پروفیسر راحت شاہ نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے معیارِ تعلیم کو پروان چڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس تربیتی ورکشاپ میں کوالٹی ایجوکیشن، ایڈمیشن پالیسی، منیجمنٹ اور فنانشیل منیجمنٹ پر موثر تربیت فراہم کی گئی۔ ورکشاپ کے آخر میں شرکائے ورکشاپ کی نمائندگی کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر محبوب علی خان نے سیکریٹری تعلیم ، ڈائریکٹر ایجوکیشن (کالجز) ، ڈائریکٹوریٹ آ ف ایجوکیشن کالجزکے اسٹاف، ماسٹر ٹرینر نور محمد اور دیگر تمام منتظمین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button