کالمز

الوداع جنرل ثاقب محمود، خوش آمدید جنرل احسان محمود

فیض اللہ فراق

پیشہ وارانہ خدمات کے دوران تقرری اور تبادلے ایک لازمی امر ہے اور یہ عمل نوکری کا جز لاینفک ہے لیکن بعض ذمہ داریاں بہت حساس اور نازک مزاج کے حامل ہوتی ہیں گلگت بلتستان میں بطور کمانڈر ایف سی این اے تعیناتی بہت اہمیت کے حامل ہے کیونکہ یہ خطہ جہاں بہت سارے حوالوں سے اپنے باطن میں کثیر الجہت اور متنوع لسانی’ثقافتی’علاقائی اور مسلکی زنجیریں رکھتا ہے وہاں پر اس خطے کی جغرافیائی اہمیت بھی مسلم ہے ۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان کی عالمی قوانین کے روسے مخصوص سیاسی اور آئینی پوزیشن بھی بدلتے ہوئے معاشی صورت حال اور سی پیک و دیامر بھاشہ ڈیم کی تعمیر کے آغاز پر دشمن طاقتوں کیلئے "پراکسی وار” کو تقویت دینے کا باعث بن رہی ہے ایسے میں گلگت بلتستان میں دشمن طاقتوں کی حکمت عملی کو ناکام بنانے کیلئے ایف سی این اے کا کردار بہت اہم ہے ۔ گلگت بلتستان کے سیاسی معاشی اور سماجی بہتری میں ایف سی این اے نے ہمیشہ سے مثبت کردار ادا کیا ہے جو یہاں کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے ۔ سیلابی کیفیت ہو یا طوفان’ بدامنی کا ماحول ہو یا گلگت بلتستان کی سرحدوں پر بے چینی ایف سی این اے نے فرنٹ لائن پر اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے یہی وجہ ہے خطے کی لاکھوں عوام مذکورہ ادارے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور بھروسے و اعتبار کی نظر سے دیکھتی ہے ۔ ایف سی این اے کی منصب ریاست کیلئے بھی بہت اہم ہے اس لیئے جب بھی گلگت بلتستان میں نئے سپہ سالار کی تعیناتی کا مرحلہ آجاتا ہے تو بڑی چھان پھٹک اور غور و فکر کے بعد قابل’ ایماندار’ فرض شناس’دلیر اور اپنے فرض کے ساتھ عشق کی وابستگی رکھنے والے افسر کو بطور کمانڈر ایف سی این اے تعینات کیا جاتا ہے ماضی کے جھروکوں کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے جنرل ( ر) ظہیر اسلام سے لیکر موجودہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ تک درجن بھر ایسے فوجی افسران تاریخ کا حصہ ہیں جنہوں گلگت بلتستان میں سپہ سالار کی حیثیت سے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ گزشتہ چند برسوں سے اس اہم منصب پر موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی جنرل حافظ عاصم منیر نے بھی اپنی گراں قدر خدمات کے نقوش چھوڑے ہیں جبکہ گزشتہ 2 برس سے زائد عرصے میں میجر جنرل ثاقب محمود ملک بطور ایف سی این اے کمانڈر رہے ہیں۔ ثاقب محمود ملک صاحب فکرو دانش سے بھر پور عالمی و ملکی حالات پر گہری نظر رکھنے والے جنرل ہیں۔ اپنی مدت ملازمت میں موصوف نے گلگت بلتستان کیلئے بہت کام کیا ہر فورم پر اس خطے کی اصل حالات کو من و عن پیش کیا اور اعلی سطح اجلاسوں میں گلگت بلتستان کے مسائل کی جنگ لڑی’ عوام میں ریاست کے حوالے سے مذید اعتماد پیدا کرنے کیلئے موصوف نے قلم کاروں اور طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے نت نئے سیمینارز اور سٹیڈی وزٹ کا اہتمام کرایا۔ گلگت بلتستان میں پائیدار امن اور باہمی روداری کو برقرار رکھنے میں جنرل ثاقب محمود ملک نے صوبائی حکومت کا اپنی بساط سے بڑھہ کر ساتھ دیا جو ان کی اپنے فرض اور علاقے سے آنمٹ محبت کی دلیل ہے ۔گزشتہ روز موصوف کا تبادلہ ہوا ہے اور ان کی جگہ میجر جنرل احسان محمود کو بطور ایف سی این اے کمانڈر تعینات کیا گیا ہے ۔ ہم سابق ایف سی این اے کمانڈر ثاقب محمود ملک کی شاندار خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں نیک تمناؤں اور دعاوں کے ساتھ الوداع کہتے ہیں جبکہ نو آموز کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل احسان محمود کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ نئے ایف سی این اے کمانڈر کیلئے گلگت بلتستان نامانوس نہیں ہے انہیں اس خطے کے چپے چپے سے گہری وابستگی اور محبت ہے ۔ موصوف نے گلگت بلتستان کی تاریخ ثقافت پر تحقیقی مقالہ لکھا ہے ۔ میجر جنرل احسان محمود ایک علمی شخصیت بھی ہیں اور متحرک سپہ سالار بھی۔ امید ہے میجر جنرل احسان محمود ملک گلگت بلتستان کی عوام کے جائز مطالبات اور یہاں کے مسائل کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے اس کے صوبے میں امن و امان کے قیام میں صوبائی حکومت کے ملکر فیصلہ کن مشترکہ کاوشیں بروے کار لائیں گے ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

متعلقہ

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button