سیاست

مہنگائی کے طوفان اور ڈالر کی اڑان سے عوام پریشان، یہی ہے نیا پاکستان؟‌ سعدیہ دانش

گلگت (پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ مہنگائی کا طوفان,ڈالر کی اڑان,عوام پریشان, کیا یہ ہے نیا پاکستان۔نجات دہندہ بننے کے دعویداروں کے ہاتھوں ملک نادہندہ بننے کے قریب ہے۔عمران خان کے موقف میں بار بار تبدیلی کے علاوہ کوئی تبدیلی نظر نہیں آرہی۔ملک میں تبدیلی کے بجائے تنزلی کا سفر شروع ہوا ہے۔نام نہاد تبدیلی کے سونامی نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا اور مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ریاست مدینہ کا راگ الاپنے والوں نے سلطنت عمرانیہ کا قیام عمل میں لایا ہے۔قرضے کو خودکشی قرار دینے والے آئی ایم ایف کے سامنے نہ صرف ڈھیر ہو گئے بلکہ روپے کی قدر گرا کر ایک ہی دن قرضوں میں کئی ارب کا اضافہ کروا دیا۔کنٹینر پہ کھڑا عمران خان جن معاملات کو لے کر تنقید کرتا تھا آج وزیر اعظم عمران خان خود اسی راستے پر گامزن ہے۔تحریک انصاف نے ملکی سیاست کو نوے کی دہائی میں واپس دھکیلا ہے اور احتساب کے نام پر سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کاروائی کی جا رہی ہے۔حکومت اب بھی کنٹینر والی سیاست کر رہی ہے انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ حکومت نے کام کرنا ہوتا ہے نہ کہ تنقید۔چندہ مافیا نے چند ہفتوں میں ہی ملکی معیشت کا پٹہ گول کر دیا ہے۔تحریک انصاف کی نام نہاد بہترین معاشی ٹیم کی بدولت ملکی معیشت کے بجائے ڈالر دن دگنی رات چگنی ترقی کر رہا ہے اور ملکی تاریخ میں مہنگائی اپنے عروج پر ہے اور غریب عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت کی مثال رسی جل گئی پر بل نہ گیا والی ہے۔جن لوگوں نے اربوں روپے کی کرپشن کی ہے وہ پیپلز پارٹی پر الزامات لگا رہے ہیں۔نیب اور دیگر ادارے اگر شفاف تحقیقات کریں تو ہر منصوبے کے پیچھے کرپشن کی داستانیں رقم ہیں اور اس کے تانے بانے براہ راست وزیراعلی سے ملتے ہیں۔کیا صوبائی حکومت بتا سکتی ہے کہ اس کی اب تک کی کارکردگی کیا ہے۔پیپلز پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ صوبائی حکومت کی بدترین کرپشن کا احتساب کیا جائے اور لوٹی گئی دولت واپس لی جائے اور عوام پر خرچ کیا جائے اور آج اپنی سکیموں کے لے واویلا کرنے والے حفیظ الرحمن بتائیں کہ اپنے آپ کو تا حیات وزیر اعلٰی اور وفاق میں ہمیشہ مسلم لیگ ن کی حکومت قائم رہنے کی غلط فہمی میں جب ہماری سکیمیںں روک رہے تھے تو یہ بھول گئے تھے کہ یہ دنیا مکافات عمل ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button