خبریں

دشمن ہمارے سامنے نہ پہلے ٹہر سکا ہے، نہ اب ٹہر سکے گا، حوصلے پہاڑوں‌سے بلند ہیں:‌ میجر جنرل احسان محمود خان

گلگت: ہمارے غازیوں کے حوصلے پہاڑوں سے زیادہ بلند ہیں ، دشمن ہمارے سامنے پہلے ٹھہر سکا تھا نہ اب ٹھہر سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار فورس کمانڈر ایف سی این اے گلگت بلتستان میجر جنرل احسان محمود خان نے ہیلی پیڈ گراونڈ میں جشن آزادی گلگت بلتستان کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدین آزادی نے یکم نومبر1947 کو سے آزادی حاصل کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا وہ 14 اگست 1948 کو بلتستان کی آزادی کے ساتھ مکمل ہوا ، آزادی کی اس عظیم تحریک میں غازیوں اور شہیدوں نے لازوال قربانیاں پیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان جغرافیائی، مذہبی اور جذباتی لحاظ سے پاکستان کا حصہ ہے اور رہے گا ، گلگت بلتستان پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہے، پاکستان سے گلگت بلتستان کا سر اور دھڑ کا رشتہ ہے، ہم نے پوری دنیا میں گلگت بلتستان کے عوام جیسے محبت کرنے والے نہیں دیکھے یہی سبب ہے کہ پورے ملک میں گلگت بلتستان کے عوام کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ، پاکستان کےلئے سب سے زیادہ محبت یہاں دیکھی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک آرمی صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر علاقے میں امن، خوشحالی ،تعمیر اور نوجوان نسل کی ترقی کےلئے اہم کردار ادا کرے گی، پاک آرمی صوبائی حکومت کے تعاون سے گلگت بلتستان میں نئے سکولز اور یونیورسٹز قائم کرے گی، یہاں کے لوگ علم سے محبت کرنے والے ہیں ، ہم وعدہ کرتے ہیں کہ تعلیمی حوالے سے عوام کی بھرپور معاونت کی جائے گی انشااللہ گلگت بلتستان میں کوئی بچہ مالی مسائل کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے گا اور کوئی معذور یا بیمار اخراجات نہ ہونے کی وجہ سے علاج سے محروم نہ رہے گا ۔ پاک آرمی جنگ آزادی کے ہیروز کی عزت میں کمی آنے نہ دے گی، ہم ان کے مسائل سے آگاہ ہیں، بہت جلد غازیوں کے میڈیکل کارڈز بنائے جائیں گے اور ان کو علاج سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کر دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ملکر سیاحت کی ترقی کےلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے قراقرم یونیورسٹی میں ایک ملین روپے کی رقم سے انڈاونمنٹ فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے سال بلتستان میں جشن آزادی پورے اہتمام کے ساتھ منایا جائے گا ۔ انہوں نے اپنی تقریر کا اختتام پاکستان زندہ باد اور گلگت بلتستان پائندہ باد کے نعروں کے ساتھ کیا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button