سیاست

عمران خان نے گلگت بلتستان کے عوام کو عبوری آئینی صوبے کی خوشخبری دی ہے، ساجدہ صداقت

استور ( سبخان سہیل ) پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ کی راہنما ساجدہ صداقت نے علی امین گنڈاپور کمیٹی کی جانب سے گلگت بلتستان کو آئینی عبوری صوبہ بنانے کی سفارشات پر مبنی رپورٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے صرف تین ماہ میں گلگت بلتستان کے عوام کی خواہشات کے عین مطابق صوبہ بنانے کیلئے سنجیدگی کے ساتھ عملی اقدامات اٹھاکر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ہی وہ واحد جماعت ہے جو پاکستان اور گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ مخلص ہے ۔

میڈیا کو جاری بیان میں ساجدہ صداقت کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے عوام کو پاکستان کا پانچواں صوبہ بنانے کا نعرہ لگایا اور عوام کو بے وقوف بناتے ہوئے ووٹ حاصل کرتے رہے جبکہ 2009میں صدارتی آرڈر کے ذریعے عجیب و غریب نظام دیا گیا جو نہ تو صوبائی طرز کا تھا اور نہ ہی آزاد کشمیر جیسا جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن نے مرکز میں اقتدار سنبھالتے ہی سرتاج عزیز کی سربراہی میں آئینی و اصلاحاتی پیکج کے حوالے سے کمیٹٰ تشکیل دے دی جس نے ڈھائی سال بعد سابق وزیر اعظم پاکستان کو اپنی سفارشات پیش کیں لیکن ان سفارشات پر عمل درآمد کی نوبت ہی نہیں آئی اور کشمیری لابی کے دباؤ میں آکر سابق وزیر اعظم پاکستان نے کمیٹی کی سفارشات کو مسترد کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے عوام کی احساس محرومیوں میں اضافہ کر دیا اور گلگت بلتستان آڑڈر 2018کے ذریعے اختیارات واپس لیکر ن لیگ نے گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ نفرت اور تعصب کو واضح کر دیا ۔

پاکستان تحریک انصاف کی راہنما ساجدہ صداقت نے کہا کہ یہی حال پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے جس نے اونٹ کے منہ میں زیرہ جیسے اقدامات اٹھا کر گلگت بلتستان کے عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کی کوشش کی ہے اور مختلف پیکجز اور آرڈرز کے ذریعے اس علاقے کے عوام کو بے وقوف بنا کر انتخابات میں ووٹ بٹورتی رہی جسکی وجہ سے گلگت بلتستان کے عوام نے 2015کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کو یکسر مستیرد کرتے ہوئے شگر کے حلقے تک محدود کر لیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو اس بات پر فخر ہے کہ ہمارے قائد نے اقتدار سنبھالنے کے سو دن بعد ہی گلگت بلتستان کے عوام کو عبوری آئینی صوبے کی خوشخبری دی ہے جسکے لئے وزیر اعظم پاکستان اور پوری قیادت مبارک باد کے مستحق ہے ۔

ساجدہ صداقت کا کہنا ہے کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانے ، جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی جانب پیش رفت ، کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد اور گلگت بلتستان کے عوام کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کا فیصلہ پاکستان اور گلگت بلتستان کے عوام کیلئے پیغام ہے کہ گزشتہ 71سالوں سے قیادت سے محروم عوام کو اب قیادت مل گئی ہے اور انشاء اللہ تمام مشکل فیصلے پاکستان تحریک انصاف کے وزیر اعظم پاکستان اور ٹیم کو کرنے کی توفیق نصیب ہوگی اور پاکستان میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہواْ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button