اہم ترین

غیر ملکی میڈیا چین میں قید پاکستانیوں کے حوالے سے خبریں پیش کرنے میں مبالغہ آرائی سے کام لے رہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (فدا حسین) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے غیر ملکی میڈیا پر چین میں پاکستانی قیدیوں کے حوالے سے غلط معلومات کے ذریعے سنسنی خیزخبر پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے میڈیا کو حقیقت اور افسانے میں فرق کرنے پر زور دیا ۔ ترجمان نے کرگل سکردو خپلو تُرتوک روڈ نہ کھولنے کا ذمہ دار بھی بھارتی حکومت کو قرار دیا ہے ۔

جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر ملکی میڈیا کا ایک حصہ چین میں قید پاکستانیوں کے حوالے سے خبریں پیش کرنے میں مبالغہ آرائی سے کام لے رہا ہے کیونکہ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے چین کے ساتھ پاکستانیوں کی بیویوں کے قید کا معاملہ اٹھایا ہے۔

ترجمان نے چینی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں سے شادی کرنی والی 44خواتین میں سے 6خواتین پاکستان پہنچ گئی ہیں چار خواتین مختلف مقدمات میں سزا ہو نے کے بعد قید کاٹ رہی ہیں اور تین کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اورمزید یہ کہ آٹھ خواتین رضا کارانہ طور پر تربیت حاصل کر رہی ہیں اور 23خواتین رہائی ملنے کے بعدچین کے صوبہ سنکیانگ میں اپنی مرضی سے رہ رہی ہیں ۔اور اس معاملے میں پاکستان کا وزارت خارجہ چینی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔

ڈاکٹر فیصل نے مزید بتایا کہ چینی حکام نے سزا پانے والی خواتین کے پاکستانی شوہروں کو سنکیانگ صوبے میں ان کی بیویوں سے ملاقات کی بھی پیش کش کی ہے۔

کرگل سکردو خپلو تُرتوک روڈ کھولنے کے لئے الگ تجویز پیش کرنے کے سوال پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم نے بھارت کے وزیر اعظم کو تمام مسائل پر مذکرات کے لئے خط لکھا ہے مگر بھارت نے ابھی کوئی جواب نہیں دیا ہے اور بھارت کی مذکرات کے لئے آمادگی کے بغیر اس طرح کے معاملات پر پیش رفت نہیں ہو گی۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ ممبئی میں قائدِ اعظم محمد علی جناح کی رہائش گاہ جناح ہاس پر ہمارا دعوی برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دعوے کو بھارتی حکومت نے بھی مانا ہوا ہے اور یہ دعوی برقرار رہے گا۔ترجمان نے واضح کیا کہ جناح ہاوس پر بھارتی سرکار کے قبضے کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی۔

افغان مفاہمتی عمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا پاکستان نے اپنا کردار ادا کیا ہے اور اس کی ہر فورم پر تعریف بھی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شرکت کی ۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ تینوں فریقین نے دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنے اور چین کے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے سے فوائد حاصل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button