تعلیم

ہائرایجوکیشن کمیشن نے KIU میں شعبہ کیمسٹری میں پی ایچ ڈی پروگرام کی منظوری دیدی

گلگت ( پ ر) ہائرایجوکیشن کمیشن نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی شروع کرانے کی باضابطہ منظوری دیدی ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے نام ہائرایجوکیشن کمیشن کے کوالٹی ایشورینس ڈیپاٹمنٹ نے باقاعدہ لیٹر جاری کردیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ KIUکے شعبہ کیمسٹری میں کمیشن کے قواعدو ضوابط کے تحت مطلوب اساتذہ ، لیبارٹری اور تحقیق کے مواقع و وسائل موجود ہیں۔ لہذا اس شعبہ میں آنے والے تعلیمی سیشن سے پی ایچ ڈی کی کلاسز شروع کراسکتے ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے شعبہ کیمسٹری میں پی ایچ ڈی پروگرام شروع کرانے کی اجازت ملنے پر KIUفیملی بالخصوص شعبہ کیمسٹری کے اساتذہ کو مبارکباد اور کمیشن حکام سے اظہار تشکر کیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ شعبہ کیمسٹری کے اساتذہ تدریس ، تحقیق اور تخلیق کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے اسے مزید بلندترین سطح تک لے جائیں گے اور ہربل پلانٹ ریسرچ کے فروغ اور ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کریں گے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ ویکینڈ گریجویٹ سکول کے تحت پہلے ہی کیمسٹری اور بیالوجیکل سائنسز میں ایم فل جبکہ ایگریکلچر اینڈ فوڈ ٹیکنالوجی ، انوائرمینٹل سائنسز، میتھس میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے پروگراموں میں داخلوں کا اعلان ہوچکے ہیں اور یہ شعبہ جات یونیورسٹی میں تحقیق کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں ۔ ان شعبہ جات میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کی تعلیم کے اجراء سے خطے میں اعلٰی تعلیم کے دروازے سب کیلئے کھل گئے ہیں۔ اور لو گ اپنی روزگار کے ساتھ ساتھ ویکینڈ گریجویٹ سکول میں اعلیٰ تعلیم بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

وائس چانسلر نے شعبہ ایڈمیشن کو ہدایت کی ہے کہ فوری طورپر شعبہ کیمسٹر ی میں پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلے کا اعلان کیا جائے ۔

شعبہ کیمسٹری کے چیئرمین ڈاکٹر سجاد علی نے پی ایچ ڈی پروگرام شروع کرانے کی اجازت ملنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے وائس چانسلر کی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ جن کی تعلیم دوستی اور بلند وژن کی بدولت یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم اور ریسرچ کا رجحان پروان چڑھ رہا ہے۔ انشاء اللہ ہم وائس چانسلر کے وژن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اورشعبہ کیمسٹری کوریسرچ کا حب بنا کر اسے پورے ملک میں ایک مثالی شعبہ بنائیں گے۔ ڈاکٹر سجاد نے ہائرایجوکیشن کمیشن کے حکام کا بروقت اجازت نامہ جاری کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کہ ایم ایس کیلئے این ٹی ایس ٹائپ ٹیسٹ یکم مارچ کو ہوگا۔ دو سالہ پروگرام میں داخلوں کیلئے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ11فروری اور پی ایچ ڈی میں داخلوں کی آخری تاریخ 28فروری مقرر کی گئی ہے۔ ویکینڈ گریجویٹ سکول میں ہفتہ اور اتوار کو کلاسز ہونگی اور کلاسز کا باقاعدہ آغاز 24مارچ سے ہوگا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button