خبریں

گلگت بلتستان کے لوگوں کو حقوق کےحوالے سے اچھی خبر ملےگی، فورس کمانڈر گلگت بلتستان

گلگت ( اسلم شاہ ) فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل احسان محمود خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان پاکستان کا حصہ تھا ، ہے اور رہے گا ، پاک فوج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے ہر وقت تیار ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کا معیار بہت بلند ہے یہاں کے عوام عقلی اعتبار سے بھی اعلیٰ مقام رکھتے ہیں ، اسلئے گلگت بلتستان کے لوگوں کی سوچ بھی مثبت اور خوبصورت ہے آنے والے وقتوں میں گلگت بلتستان کے لوگوں کو حقوق کے لحاظ سے اچھی خبر آئے گی ، پورے ملک میں ضلع ہنزہ تعلیمی لحاظ سے ایک مقام رکھتا ہے ہمیں ہنزہ کے مسائل کا ادراک ہے بہت جلد ہنزہ کے مختلف وفود سے ملاقات کرونگا او رہنزہ کے مسائل کے حل کیلئے مناسب اقدامات کئے جائینگے ۔ ان خیالات کا اظہار فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل احسان محمود خان نے ہنزہ پریس کلب کے نمائندوں سے ملاقات میں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحافت ہر اول دستے کا کام کرتا ہے جو کہ ہر محاذ پر بغیر ہتھیار اٹھائے جنگ کرتے ہیں۔ ہنزہ پریس کلب کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔ ہنزہ پریس کلب میں فوری طور پر انٹر نیٹ مہیا کی جائیگی ، فورس کمانڈر نے ہنزہ پریس کلب کے جرنلسٹس ویلفئیر فنڈ کیلئے بھی امداد کا اعلان کیا اور ہدایات جاری کئے کہ ہنزہ پریس کلب کے مسائل کے حل اور مختلف پروگراموں اور سیمینارز میں ہنزہ پریس کلب کو خصوصی نمائندگی دی جائے۔

ہنزہ پریس کلب کے صدر رحیم اللہ بیگ نے فورس کمانڈر گلگت بلتستان کو ہنزہ آمد کی دعوت دی اور ہنزہ سے تعلق رکھنے والے شہداءکی قربانیوں پر فلمائی گئی ایک یادگار ویڈیو پیش کی۔

ہنزہ پریس کب کے سینئر نائب صدر اکرام نجمی نے فورس کمانڈر کو ہنزہ کے مسائل سے آگاہ کیا جس میں بجلی کا بحران ، ضمنی الیکشن کا نہ ہونا ، سکیل ایک تا نو کے ملازمین کا دیگر اضلاع سے آمد اور دیگر مسائل کا ذکر کیا ۔ ہنزہ پریس کلب کے سابق صدر اجلال حسین نے ششپر گلیشئیر سے پیدا ہونے والی صورتحال سے بھی آگاہ کیا جبکہ فنانس سیکریٹری علی احمد اور اسلم شاہ نے بھی ہنزہ کے مسائل کے بارے میں فورس کمانڈر کو آگاہ کیا۔ جس پر فورس کمانڈر نے چیف سیکریٹری سمیت جلد ہنزہ کا دورہ کرکے عوامی مسائل سننے کا وعدہ کیا ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button