اہم ترین

گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے عوام کے درمیان تاریخی، معاشرتی اور جغرافیائی رشتے ہیں، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے قوم متحد ہے۔ ایک مضبوط اور توانا پاکستان چاہتے ہیں جہاں قانون و آئین کی بالادستی ہو۔ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے عوام کے درمیان تاریخی، معاشرتی اور جغرافیائی رشتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دونوں خطوں میں سیاحت کے فروغ کیلئے بہت پوٹینشل موجود ہے اور اس سے استفادہ کرنے کیلئے گلگت بلتستان اور آزادجموں وکشمیر کی حکومتوں کا مشترکہ ورکنگ گروپ بننا چاہیے۔ وفاقی حکومت کی طرف سے ویزا پالیسی میں نرمی سے ہمارے خطوں کو بھی فائدہ پہنچنا چاہیے۔ چینی حکومت نے گلگت بلتستان کیلئے اس سال10لاکھ سیاح بھیجنے کا ہدف رکھا ہے اور اگر گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے درمیان زمینی رابطے بحال ہو جائیں تو سیاح آزادکشمیر بھی آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر حکومت کو بھارتی مظالم عالمی سطح پر بے نقاب کرنے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے مہم چلانے کیلئے اختیارات اور ہدف ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کا مقدمہ لڑنے کیلے ریاست کی نمائندہ حکومت کو آگے آنا ہوگا۔ اس مقدمہ کو انسانی حقوق کا مقدمہ بنانا ہوگا،یہ مقدمہ مقامی حکومت بہتر اندا زمیں لڑ سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہماری دعائیں مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا تک پہنچایا جائے۔ اگر ہم اپنے دس منٹ سوشل میڈیا پر کشمیر کو دے تو بہت اثر انداز ہوا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر موجودہ حکومت کے دور میں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے درمیان رشتے مزید مضبوط ہوئے ہیں

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے جلال آباد گارڈن میں پھلدار پودوں کی شجرکاری مہم کے سلسلہ میں پھلدار پودا لگایا۔ اس موقع پر ، وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان ، وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس راجہ مشتاق احمد منہاس، وزیر زراعت خالد مسعود، رکن اسمبلی راجہ جاوید اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

آزاد کشمیر اسمبلی کے اجلاس کے دوران جب وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن ،سینئر وزیر حاجی اکبر تابان اور وزیر بلدیات آزاد جموں کشمیر کی اسمبلی کی وی آئی پی گیلری میں داخل ہوئے تو اسمبلی کے اراکین نے ڈیسک بجا کر وزیر اعلی اور کابینہ کے وزرا کا شاندار استقبال کیا۔

اسمبلی اجلاس کے دوران وزیر اعظم راجہ فارق حیدر نے کہا کہ آج ہمیں بہت خوشی ہے کہ گلگت بلتستان کے وزیر اعلی اور ان کے وزرا ہمارے درمیان ہیں یوم یکجہتی کشمیر کے اہم دن کے موقعہ پر گلگت بلتستان کی طرف سے یکجہتی کا پیغام کشمیریوں کے حوصلے بلند کرے گا، سابق وزیر اعظم چوھدری مجید ،علامہ رشید ترابی ،تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر راجہ ماجد ،اور مسلم کانفرنس کے پارلیمانی لیڈر نے بھی اپنے خطاب میں وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن اور گلگت بلتستان کے وزرا کو خوش آمدید کہا۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی اپنے خطاب میں وزیر اعلی گلگت بلتستان کو خوش آمدید کہا،

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button