اہم ترین

گلگت بلتستان صوبائی انٹیلیجنس کمیٹٰی کا اجلاس، 48 افراد کے نام شیڈول فور فہرست سے خارج کرنے کا فیصلہ

گلگت(پ ر)گزشتہ روز محکمہ داخلہ وجیل خانہ جات گلگت بلتستان میں صوبائی انٹیلیجنس کمیٹی کا ایک اجلاس زیر صدارت صوبائی سیکریٹری داخلہ منعقد ہوا جس میں متعلقہ محکموں کے افیسران، کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں امن وامان کی موجودہ صورتحال اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔اجلاس میں PICکے میٹنگ کے دوران شیڈول فور سے نکالے جانے والے افراد کی سماجی سرگرمیوں پر فردا” فردا” تفصیلی گفتگو ہوئی۔بعد ازاں شیڈول فور میں موجود افراد کی اس لسٹ میں موجودگی برقرار رکھنے یا ان کے نام فہرست سے خارج کرنے کےاحکامات پر ڈویژنل کمیٹیوں کی سفارشات کی روشنی میں باریک بینی سے تجزیہ اور بحث و تمحیص کے بعد شیڈول فور میں موجود افراد کے ناموں کو فہرست میں برقرار رکھنے یا اخراج کے بارے میں سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے ضلعی اور ڈویژنل سطح کے انٹیلیجنس کمیٹیوں کو احکامات صادر کی گئیں کہ جن افراد کے نام شیڈول فور فہرست سے اخراج کی سفارش کی گئی ہے وہ اپنے متعلقہ ضلعوں کے ڈپٹی کمشنرز کے پاس بیان حلفی بابت زمہ دار شہری اور منفی سرگرمیوں سے اجتناب جمع کرینگے اس کے بعد ان کے ناموں کے اخراج کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا ۔

اجلاس میں 48 افراد کے ناموں کو ناموں کو شیڈول فور فہرست سے نکالنے کی سفارش کی گئی۔ صوبائی انٹیلیجنس کمیٹی نے ایک سال کے دوران وزیر اعلی گلگت بلتستان کے احکامات کی روشنی میں 137 افراد کے ناموں کو شیڈول فور سے نکالنے کی سفارشات دیں جس کے باعث شیڈول فور میں موجود افراد کی تعداد کم ہوکر 35 تک پہنچ چکی ہے ۔مختلف عوامی،سماجی،سیاسی اور مذہبی حلقوں نے صوبائی حکومت، چیف سیکریٹری، پاک فوج کی موجودہ پالیسیوں کو سراہتے ہوئے اسے ایک نہایت مثبت اقدام قرار دیا ہے جس سے خطے کے حالات پر مثبت اور دور رس نتائج برآمد ہونگے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button