تعلیم

23 مارچ کوگلگت بلتستان کی سطح پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے انیس طلباء و طالبات کو ایوارڈز اور نقد انعامات سے نوازہ جائیگا

گلگت ( پ۔ر ) 23 مارچ کے روز وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن صاحب گلگت بلتستان کے ہونہار طلباء و طالبات میں اپنے دستِ مبارک سے لاکھوں روپے نقد انعام تقسیم کریں گے۔ تقریبِ انعامات گورنمنٹ سر سید احمد خان ہائر سیکنڈری سکول گلگت (بوائز ہائی سکول نمبر ۱، گلگت) میں منعقد ہو گی۔ جس میں دیگر اہم شخصیات کے ساتھ ہونہار طلباء و طالبات کے والدین، متعلقہ تعلیمی ادارں کے سربراہان، علمی و ادبی شخصیات ، سماجی و فلاحی انجمنوں کے نمائندے اور میڈیا کے احباب شریک ہونگے۔ کے آئی یو امتحانی بورڈ، آغاخان امتحانی بورڈ اور فیڈرل امتحانی بورڈ کے تحت ہونے والے ۲۰۱۸ کے میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحان میں گلگت بلتستان کی سطح پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے انیس (۱۹) طلباء و طالبات میں یہ کیش پرائزز دیئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی جی سکولز گلگت بلتستان مجید خان صاحب اور ڈائریکٹر ایجوکیشن گلگت ڈویژن ریاض حسین شاہ صاحب نے یومِ تقریبِ انعامات کی تیاریوں کے جائزے کے لیے منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کیا۔ انہوں نے مذید کہا کہ اس تقریب کے انعقاد کا بنیادی مقصد گلگت بلتستان کی سطح پر نمایاں مقام پانے والے باصلاحیت طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کرنا، دیگر طلباء و طالبات میں مقابلے کا صحت مند رجحان پیدا کرنا ،صوبائی حکومت کامعیاری تعلیم کے حصول کے لیے جدو جہد کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنااور علم دوستی کے رجحان کو فروغ دینا شامل ہے۔ تقریب میں یومِ پاکستان کے حوالے سے بھی مقررین اپنے جذبات کا بھر پور اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخ ساز تقریب کے انعقاد کی تمام تر ذمہ داری محکمہء تعلیم گلگت بلتستان کو دی گئی ہے۔ ہماری بھر پور کوشش ہے کہ ہم اس تعلیمی اور علم دوست تقریب کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔ اس سلسلے میں سیکریٹری تعلیم گلگت بلتستان نجیب عالم صاحب تیاریوں کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button