اہم ترین

داریل اور تانگیر کو الگ اضلاع بنائیں گے، نوٹیفیکیشن ایک ماہ میں جاری ہوگا،وزیر اعلی کا چلاس میں اعلان

چلاس (شہاب الدین غوری) گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاہے کہ داریل اور تانگیر کو الگ الگ ضلع بنایا جائے گا۔جس کا نوٹیفکیشن ایک ماہ میں کیا جائے گا۔ چیف کورٹ سرکٹ بنچ جولائی سے دیامر میں کام کرے گا۔منافقت کی سیاست کرنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ جون میں نئے اضلاع کےلئے 50 کروڑ روپے مختص کئے جائیں گے۔ نیا پاکستان بنانے والوں نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کےلئے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی جانب سے مختص کردہ بجٹ کو مہمند ڈیم کی تعمیر کےلئے منتقل کیا ہے اور رائیکوٹ تھاکوٹ شاہراہ اور پل کےلئے مختص کردہ رقم اپنی جماعت کے ممبران قومی اسمبلی کو دیاہے۔ ڈیم کے نعرے لگاکر اقتدار میں آنے والوں کی منافقانہ سیاست اب واضح ہورہی ہے۔ نئے اضلاع کے قیام کےلئے فورس کمانڈر کا کردار خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ان خیالات کااظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے چلاس میں جشن بہاراں پولو ٹورنامنٹ کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ چلاس ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا افتتاح آج کیا جائے گا۔ دیامر ہمیشہ سے مسلم لیگ (ن) کے گڑھ رہاہے۔ چلاس کے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا ہے۔ 30 مئی سے قبل فیملی اور چلڈرن ہسپتال کو فعال کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ 7ماہ میں 200بیڈ ہسپتال کا کام مکمل ہوگا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ آئندہ سال جون سے قبل کیڈٹ کالج چلاس میں طالب علموں کو شفٹ کیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) کو اعزاز حاصل ہے کہ کیڈٹ کالج سکردو بھی ہمارے قائد محمد نواز شریف نے بنایا تھا اور ہماری جماعت ہی کیڈٹ کالج چلاس کو بھی بنائے گی۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ دیامر میں 70 سالوں میں اتنے طالبات کے سکول نہیں بنے جتنے پچھلے چار سالوں میں بنے ہیں۔داریل اور تانگیر کو اضلاع بنانے کا مطالبہ دیامر کے عوام کا ہے 2016ءمیں ہم نے اعلان کیا تھا کہ ہمارے قائد محمد نواز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کو دیگر صوبوں کے برابر لانے کےلئے سرتاج عزیز کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں گلگت بلتستان کو آرڈر2018 کے تحت وہ تمام اختیارات مل چکے ہیں جو دیگر صوبوں کو حاصل ہیں۔ گلگت بلتستان میں مثالی امن قائم ہوا ہے جس کی وجہ سے گلگت بلتستان تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے۔ ہم سب نے مل کر اس کی حفاظت کرنی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے چلاس پولو گراﺅنڈ کی تزائن و آرائش کےلئے ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا اور پولو جیتنے والے ٹیموں میں نقد اور ٹرافیاں تقسیم کئے۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے زیر تعمیر کیڈٹ کالج چلاس کی رفتار میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واپڈا کے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ 11 سالوں میں واپڈا کی جانب سے سی بی ایم منصوبے کے تحت اس ایک منصوبے کا مکمل نہ ہونا افسوس کی بات ہے۔ اگر دیامر بھاشا ڈیم بنانا ہے تو واپڈا کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ سی بی ایم کے تحت منصوبوں میں تاخیرپر متعلقہ وزارت اور وزیر اعظم سے بات کی جائے گی۔ دیامر بھاشا ڈیم کا بجٹ مہمند ڈیم منتقل کرنا موجودہ تبدیلی حکومت کی نااہلی اور غیرسنجیدگی کا مظہر ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ماڈل کالونی واپڈا کے حوالے سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سپارکو کے تعاون سے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کےلئے زمین کی خریداری کا عمل مکمل کیا لیکن موجودہ وفاقی حکومت سنجیدہ اقدامات کرنے کی بجائے ڈیم کی تعمیر میں مسائل پیدا کررہی ہے۔ واپڈا کے تحت دیامر میں تعمیر ہونے والے منصوبوں کے حوالے سے شکایات موصول ہورہی ہے کام کے معیار کو یقینی بنایا جائے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button