اہم ترینتعلیمخبریں

بلتستان یونیورسٹی کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے وائس چانسلر کا وزیراعلیٰ کو خط

اسکردو ( پ ر ) وائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کے نام ایک خط تحریر کیا ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ بلتستان یونیورسٹی کیلئے ایک مالی پیکج کا اعلان کیا جائے جو بلتستان یونیورسٹی کو مالی مشکلات سے نکالنے میں مدد کرسکے۔

وائس چانسلر نے اپنے تفصیلی خط میں یونیورسٹی کو درپیش مالی مسائل اور متوقع وسائل سے آگاہ کیا۔

خط کے مندرجات میں بتایا گیا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے سال 2019-2020ءکے فنڈز میں بڑی کٹوتی کی ہے اور اسی وجہ سے ملک کی تمام بڑی اور چھوٹی جامعات کو سخت مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بلتستان یونیورسٹی چونکہ ابتدائی مرحلے میں اور اس مرحلے میں نومولود ادارے کو فنڈز کی اشد ضرورت ہے تاکہ بلتستان یونیورسٹی اپنے روز مرہ کے اخراجات بروقت ادائیگیوں کے ساتھ پورا کرسکے۔

وائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے مزید لکھا ہے کہ گلگت بلتستان کی حکومت بلتستان یونیورسٹی کی بروقت مالی معاونت کرے تاکہ درس و تدریس اور تحقیق کے تمام اُمور بخوبی جاری رکھے جاسکیں۔

فنڈز کے اجراءسے متعلق وائس چانسلر نے مقامی نمائندوں حاجی فدا محمد ناشاد اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی،حاجی اکبر تابان سینئر وزیر گلگت بلتستان اسمبلی، اشرف صدا، چیئرمین اسٹنڈنگ کمیٹی اور وزیراخلاق ممبر کونسل سے بھی گزارش کی ہے کہ بلتستان یونیورسٹی کیلئے فنڈز کی وصولی میں اپنا کردار ادا کریں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button