خبریں

پاسبان ملٹی پرپزسوسائٹی کا سالانہ اجلاس، ممبران کا سوسائٹی کی کارکردگی پر اظہار اطمینان

گلگت(پ ر)یاسین سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ فوجیوں کی کاوشوں سے قائم پاسبان ملٹی پرپزکواپریٹیو سوسائٹی کا پہلا سالانہ اجلاس عام کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب گلگت کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں سوسائٹی ہذا کی انتظامیہ وجملہ ممبران کے علاوہ علاقے کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی نیول کمانڈر ریٹائرڈ بلبل نائب شاہ جبکہ میرمحفل اسسٹنٹ رجسٹرار کواپریٹیو سوسائٹیز گلگت بلتستان مومن شاہ تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نیول کمانڈر ریٹائرڈ بلبل نائب شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں کے عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت اس علاقے کو ڈوگرہ راج اور انگریزوں کے تسلط سے آزاد کروا کرمملیکت پاکستان کے ساتھ بلامشروط الحاق کروایا جس کی وجہ پاکستان اور پوری دنیا یہاں کے عوام کی قربانیوں اور بہادری کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ افواج پاکستان ملکی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ قوم کی معاشی ترقی کے لئے بھی اپنا بھرپور کردار کررہی ہے، پاک فوج کا ہرسپاہی چاہے حاضرسروس ہو یا ریٹائرڈ وہ اپنے ملکی وقوم کی ترقی کا خواہاں رہتا ہے، آج یاسین کے سابقہ فوجیوں کی کاوشوں سے پاسبان ملٹی پرپزسوسائٹی کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس نے انتہائی قلیل عرصے میں کامیابی کے غیرمعمولی اہداف حاصل کئے جوکہ ہم سب کے لئے باعث مسرت اور قابل فخر ہے۔انہوں نے سوسائٹی کی انتظامیہ سے تلقین کی کہ وہ سوسائٹی ہذا کو دین اسلام کی تعلیمات کی روشنی میں ایک فلاحی وکاروباری ادارہ بنانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے پاسبان ملٹی پرپزکواپریٹیو سوسائٹی کی شاندار کامیابی پر اپنی جانب سے بیس ہزارروپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ رجسٹرار کواپریٹیوسوسائٹیز گلگت بلتستان مومن شاہ نے گلگت بلتستان کی کواپریٹیوسوسائٹیاں پورے ملک میں مثالی ہیں، یہاں پر محکمہ کواپریٹیو سوسائٹیز کے پاس ایک سوکے قریب سوسائٹیز رجسٹرڈ ہیں جوعلاقے کی معاشی ترقی میں اپنا بھرپورکردار اداکررہی ہیں جن میں سے ایک پاسبان ملٹی پرپزسوسائٹی ہے جس نے بہت کم عرصے میں نمایاں اہداف حاصل کئے یہ سب کچھ سوسائٹی کے صدد ومجلس انتظامیہ کی انتھک محنت اور خلوص دل سے کام کرنے کی مرہون منت ہے جس وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا جب لوگوں کواپریٹیو سوسائٹیز میں اپنا پیسہ رکھنے سے گھبراتے تھے مگر اب وہ دور نہیں رہا، اب ہم آپ کو یہ باورکروانا چاہتے ہیں کہ کواپریٹیو ڈپارٹمنٹ گلگت بلتستان کی موجودگی میں آپ کا سرمایہ کواپریٹیو سوسائٹیز میں محفوظ ہے، آپ بلاخوف وخطرا ن سوسائٹیز میں اپنا پیسہ رکھ سکتے ہیں۔ قبل ازیں پاسبان ملٹی پرپزکواپریٹیو سوسائٹی کے صدر آیازمحمد نے سوسائٹی کے رہنما اصول اور اغراض ومقاصد بیان کئے۔ جنرل سکریٹری دوردانہ جان نے سوسائٹی کی تعمیر وترقی کے سلسلے میں مجلس انتظامیہ کی سفارشات پیش کئے، فنانس سکریٹری سید سعادات شاہ نے سوسائٹی کی انتظامی کارکردگی بیان کی، منیجرپاسبان ملٹی پرپزکواپریٹیو سوسائٹی بلبل نذیر نے سوسائٹی کی مالی پوزیشن اور آڈٹ رپورٹ سے متعلق شرکاء کو اگاہ کیا جبکہ نائب صدر یوسف داد نے خطبہ استقبالیہ اور خلیفہ غلام علی نے اظہارتشکرکے کلمات ادا کئے۔ تقریب سے وفاقی محتسب کی جانب سے گلگت بلتستان کے لئے نامزد کمشنرراجہ کرامت اللہ، ممتاز سماجی ومذہبی شخصیت صوبیدار ریٹائرڈ مطائب شاہ، اسٹیٹ لائف انشورنس کے زونل ہیڈ سخی مدد، صوبیدار ریٹائرڈ مرزہ دللہ خان، معروف صحافی وکالم نگار صفدرعلی صفدر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button