خبریں

استور: سرحدی علاقوں منی مرگ قمری اور کلشئی کے عوام پر سفری پابندیاں عائد کرنا غیر قانونی ہے، عمائدین

گلگت (پ۔ر) ضلع استور کے سرحدی علاقوں منی مرگ قمری اور کلشئی کے  عوام پر سفری پابندیاں عائد کرنا غیر قانونی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ وزیر اعلٰی، فورس کمانڈر اور چیف سیکریٹری فوری نوٹس لیں اور سفری پابندیاں ختم کی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار عمائدین  منی مرگ قمری و کلشئی خوشی محمد طارق، مولانا عنایت اللہ میر، حاجی عبدالرحمن، محمد یعقوب بیگ ، رٹائرڈ ہیڈ ماسٹر محمد سلیمان خان ، خوشی محمد صدیقی، عطا محمد، محمد مختار بٹ ، طارق حسین ، ریاض خان، قاری محمد یاسین ، اشرف لون ، ریاض شیخ،  اکبر خان ، نواز شیخ ایڈووکیٹ، محمد الیاس ، سرتاج لون و دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا ہے۔

عمائدین کا کہنا ہے کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ کورونا وباء کو آڑ بنا کر سرحدی علاقوں کے لوگوں کو اپنے گھروں میں جانے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ عمائدین نے اس بات پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا ہے کہ کورونا وباء کے دوران استور کی ضلعی انتظامیہ نے قرنطینہ مراکز اور آئسولیشن وارڈز میں بھی منی مرگ قمری اور کلشئی کے عوام کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا اور انسانیت کی تذلیل کی گئی۔  عمائدین نے کہا ہے کہ استور انتظامیہ نے 24 جون سے  10 جولائی تک سرحدی علاقوں کے عوام کو استور کی طرف سفر کرنے پر پابندی عائد کی اور اس حوالے سے جب ہم نے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا تو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے یہ پابندی لگائی ہے ہمیں لگتا ہے کہ استور انتظامیہ کے بعض عناصر پاک فوج کو اس معاملے میں مورد الزام ٹھہرانا چاہتی ہے تا کہ سرحدی علاقوں کے عوام اور پاک فوج کے درمیان دوریاں پیدا کی جائیں۔

عمائدین نے استور انتظامیہ کے ان اقدامات کی سخت مذمت کرتے ہوئے نگران وزیر اعلٰی میر افضل، کمانڈر فورس کمانڈ شمالی علاقہ جات میجر جنرل احسان محمود خان اور چیف سیکریٹری  گلگت بلتستان کیپٹن(ر) خرم آغا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور سرحدی علاقوں کے لوگوں پر عائد سفری پابندیاں ختم کی جائیں بصورت دیگر سرحدی علاقوں کے عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button