گلگت بلتستان
ایڈوانس پیسے لے کر کام ادھورا چھوڑنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف کاروائی کی جائیگی: مہدی شاہ
گلگت ( پریس ریلیز) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائیگا۔ عوامی نوعیت کے منصوبوں کی غیر معمولی تاخیر اور ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کرنے والوں کے خلاف کاروائی کو یقینی بنایا جائیگا اور وزیر اعلیٰ معائنہ کمیشن کی ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے کی گئی رپورٹس پر عمل درآمد کرایا جائیگا۔ ترقیاتی منصوبوں کی مکمل میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ جن ترقیاتی منصوبوں کے پیسے ایڈوانس لیے گئے ہیں اور مکمل نہیں ہوئے ان ٹھیکیداروں کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے کیلئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کرنے والے سرکاری اہلکاروں کے خلاف بھی محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں عوام کی معیار زندگی بلند کرنا اور علاقے کی تعمیر و ترقی ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔ ان خیالات کااظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے وزیر اعلیٰ معائنہ کمیشن کے دفتر کے دورے پر کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معائنہ کمیشن کو فعال بنانے کیلئے فوری اقدامات کیئے جائیں۔ ادارے میں سٹاف کی کمی کو دور کیا جائیگا اور ادارے کو درپیش مسائل کو حل کیا جائیگا۔ وزیر اعلیٰ معائنہ کمیشن کی جانب سے ادارے کے اغراض مقاصد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ نے وزیر اعلیٰ آفس گلگت میں نگر کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دور دراز کے علاقوں میں زندگی کی بنیادی سہولیات کے فراہمی کو یقینی بنائیگی نگر کے عوام نے ہمیشہ پاکستان پیپلزپارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے بہت جلد ہنزہ نگر کا تفصیلی دورہ کرکے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے موقع پر احکامات دیے جائینگے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے سیکریٹری جنگلات کو ہدایت کی ہے کہ حکومت دیامر کے عوام کو سہولت فراہم کرنے کیلئے دیامر کے عوام کی دیرینہ مطالبے پر ٹمبر پالیسی کو وزیر اعظم سے منظور کروایا ہے تاکہ دیامر کے عوام کے مسائل حل کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم کی منظور شدہ ٹمبر پالیسی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے سٹی پریس کلب کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقامی اخبارات کا گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے قابل تحسین کردار رہا ہے۔ جو پاکستان کے دیگر صوبوں کیلئے بھی قابل تقلید ہے۔