گلگت بلتستان

گلگت میں شینا ورک بک کا اجراء، زبان کو زندہ رکھنے اور ترویج دینے کا عزم

گلگت(پریس ریلیز) شینا لینگویج اینڈ کلچرپروموشن سوسائٹی نے شینا زبان اور ثقافت کو زندہ رکھا ہے جس کے لئے سوسائٹی کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔میری شدید خواہش تھی کہ جانے سے پہلے شینا سیکھ لوں آج اس ورک بک نے میری مشکل آسان کر دی ۔اگر آج شینا زبان کو محفوظ نہیں کیا گیا تو آنے والی نسلیں آپ سے سوال پوچھیں گی۔میری شدید خواہش تھی کہ اس علاقے کی زبان ،کلچر اور تہذیب ضائع نہ ہو۔فنڈنگ کے ادارے ہماری پہچان کے بجائے اپنی پہچان کیلئے فنڈنگ کرتے ہیں۔غیر ملکی چینلز دیکھ کر ہمارے بچے غیر زبانیں تو سیکھ چکے ہیں لیکن اپنی مادری زبان سے نابلد ہیں۔ایسے میں سوسائٹی کا کردار امید کی کرن ثابت ہو رہا ہے۔
ان خیا لات کا اظہار ڈاکٹر نجمہ نجم وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت بلتستان نے شینا لینگویج اینڈ کلچر پروموشن سوسائٹی کے زیر اہتمام شینا ورک بک کی تقریب رونمائی سے بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مقامی زبانوں کی ترویج کیلئے دو پروجیکٹس بھی شروع کئے ہیں۔ میری تجویز ہے کہ گلگت میں شینا لکھنے پڑھنے اور بولنے کی کلاسیں شروع ہونی چاہیے تاکہ باہر سے آنے والے لوگ شینا سیکھ سکیں۔ایس ایل سی پی ایس کی پندہ سالہ کاوش ضائع نہیں ہوئی ہے بلکہ آج شینا ماضی کی نسبت زیادہ محفوظ اور زندہ ہے ۔
قبل ازیں تقریب میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے ایس ایل سی پی ایس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبر اور سینئر صحافی اسرار الدین اسرار نے سوسائٹی کے قیام کے مقاصد اور اب تک کی کارکردگی پر روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کے زیر اہتمام ابتک شینا زبان میں آٹھ سے زائد کتابیں شائع کر چکی ہے۔ جبکہ چھ کتابیں زیر طبع ہیں ۔جبکہ چالیس سے زائد تربیتی نشستیں اور کئی اہم موضوعات پر مکالہ جات بھی سوسائٹی کے زیر اہتمام تیار ہو چکے ہیں۔اس موقع پر سوسائٹی کے ممبر عبدالسبور نے ورک بک کی افادیت پر تفصیلی مکالہ پیش کیا ۔
تقریب میں امتیاز گلاب بگورو نے شینا کے معروف شاعر خلیفہ رحمت ملنگ کی شاعری بھی پیش کی اور خوب داد حاصل کی۔تقریب میں نظامت کے فرائض اشتیاق احمد یاد نے سر انجام دئیے جبکہ تقریب میں کے آئی یو کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کے علاوہ کثیر تعداد میں خواتین اور حضرات نے شرکت کی۔تقریب کے آغاز میں وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹر نجمہ نجم نے شینا ورک بک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button